چین نے بوئنگ737 میکس طیارے گراونڈ کردئیے
شنگھائی... چین نے ایتھوپین ائرلائن طیارے کے حادثے کے بعد اپنی ائرلائنز کو بوئنگ 737 میکس8 طیاروں کا استعمال عارضی طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ۔ سول ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن چائنہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ائرلائنز سے کہا گیا ہے کہ بوئنگ اور امریکی فیڈرل ایوی ایشن انتظامیہ سے رابطے اور ان طیاروں کی محفوظ پروازوں کو یقینی بنانے کے بعد دوبارہ آپریشن شروع کر سکتی ہیں ۔ بیان میں کہا گیا کہ حالیہ حادثات نئے بوئنگ 737 ایٹ طیاروں کے ہیں اور دونوں میں کافی حد تک مماثلت بھی ہے یہی وجہ ہے کہ اب مزید خطرات کو مول نہیں لیا جا سکتا ۔ دریں اثناءا یتھوپین ایئرلائن کا مسافر طیارہ کریش ہونے کی وجوہ معلوم کرنے کیلئے امریکہ کی تحقیقاتی ٹیم ایتھوپیا جائے گی۔امریکی نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کے 4 اہلکار مقامی حکام کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ حادثہ کیوں اور کن حالات میں ہوا اس پر غور کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ سال اکتوبر میں اسی ماڈل کا بوئنگ 737 میکس 8 طیارہ انڈونیشیا میں حادثے کا شکار ہوا تھا۔