Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نواز شریف کسی سمجھوتے کے لیے تیار نظر نہیں آتے، بلاول بھٹوزرداری

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کسی سمجھوتے کے لیے تیار نظر نہیں آتے اور این آر او کی باتیں کرنے والے ان کے خلاف سازش کر رہے ہیں ۔ 
پیر کو لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں سابق وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ3 بار وزیراعظم رہنے والے نواز شریف جیل میں بیمار ہیں۔ ’عیادت کے دوران انہوں نے ہمیں بتایا کہ وہ اصولوں پر سمجھوتہ کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔‘
پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ میثاق جمہوریت پر پوری طرح عمل نہ کرنا ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی ناکامی ہے ’ہمیں موقع ملا تو اٹھارویں ترمیم سمیت کئی اہم کام کیے مگر عدلیہ اصلاحات اور احتساب کے کالے قانون پر کام نہیں کیا۔‘

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی چاہتی ہے کہ میثاق جمہوریت پر ازسرنو کام کیا جائے اور دیگر سیاسی جماعتوں سے بات کرکے ایک نئی دستاویز لائی جائے ۔ 

نواز شریف کی بیماری کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ سابق وزیراعظم کو ان کی مرضی کے مطابق علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں، وہ اس ملک کے تین بار وزیراعظم رہ چکے ہیں، ناانصافی کسی کے ساتھ بھی نہیں ہونا چاہیے ۔ 
ان کا کہنا تھا کہ’ نواز شریف نے بتایا کہ وہ اپنے اصولوں پر قائم ہیں اور کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔‘ مریم نواز کی خاموشی کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ مریم نواز خاموش ہو گئی ہیں ۔ 
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کے اپنے بارے میں دیے گئے ریمارکس پر کہا کہ اسد عمر پڑھے لکھے ’جاہل وزیر‘ ہیں۔ وہ سیاست میں منافقت نہ کریں ۔ 
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی تھر میں کی گئی تقریر سے دنیا میں پاکستان کا تاثر خراب ہوا ۔ 
اس ملاقات کے بعد مریم نواز نے ٹویٹ کے ذریعے بلاول بھٹو زرداری کا شکریہ ادا کیا
اس سے قبل لاہور سے اردو نیوز کے نامہ نگار رائے شاہنواز نے بتایا تھا کہ سابق وزیراعظم سے ملاقات کے لیے بلاول بھٹوپارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ دو بجے کوٹ لکھپت جیل پہنچے جہاں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے ۔ 
جیل حکام کے مطابق بلاول بھٹو کی سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات ان کے سیل سے ملحقہ لان میں کرائی گئی ۔ 
بلاول بھٹو کے ساتھ پیپلز پارٹی کے دیگر رہنما قمر زمان کائرہ، جمیل سومرو، مصطفی نواز کھوکھر، علی قاسم گیلانی اور سید حسن مرتضی موجود تھے ۔
یاد رہے کہ پچھلے کئی دنوں سے سابق وزیراعظم کی صحت کے حوالے سے خبریں گردش کر رہی ہیں ۔ ان کی صاحبزادی مریم نواز نے اپنے ٹویٹ میں لکھا تھا کہ نوازشریف اپنا علاج نہیں کروانا چاہتے کیونکہ وہ حکومتی رویے سے نالاں ہیں ۔
 

شیئر: