Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی گرانٹ سے زلزلہ متاثرین میں چیک تقسیم

  کوئٹہ ...سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے آواران اور دیگر شہروں میں 2013ءآنے والے زلزلہ متاثرین میںسعودی گرانٹ سے گھروں کی تعمیر کے منصوبے کے تحت چیک تقسیم کئے۔ ترقیاتی اور امدادی منصوبوں پر سعودی ڈیولپمنٹ فنڈ کے ذریعے عمل جاری ہے ۔وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان، صوبائی وزراءمیر ضیاءلانگو، سردار عبدالرحمن کھیتران، میرنصیب اللہ مری اور میر محمد خان لہڑی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ متاثرین کو8 ہزار رہائشی یونٹس کی تعمیر کیلئے چیک دئیے گئے۔ ان کی مجموعی مالیت 93.75 ملین سعودی ریال ہے رہائشی یونٹس کی نگرانی اور دیکھ بھال تعمیراتی کاموں کے مکمل ہونے تک کی جائے گی جس کے بعد شمسی توانائی کے بورڈ نصب کئے جائیں گے۔ توقع ہے یہ منصوبہ اس سال کی چوتھی سہ ماہی میں مکمل ہوگا ۔اس موقع پر سعودی سفیر نے کہا کہ یہ منصوبہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی عنایت اور ہدایات کی روشنی میں پاکستان میں اپنے بھائیوں کو فراہم کردہ معاونت کا تسلسل ہے ۔سعودی عرب کو تمام تر مشکلات اور مصائب میں پاکستانی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے میں دلچسپی ہے ۔ہمارا تعاون جاری رہے گا ۔ ہمارا برادر ملک پاکستان سے مذہبی اور بھائی چارے کا گہرا رشتہ ہے اور تاریخی تعلقات بھی ہیں ۔ سعودی سفیر نے کہا کہ ان تاریخی تعلقات کے بارے میں یو ں کہہ سکتا ہوں کہ یہ جسم اور جان کی مانند ہیں ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے خطیر گرانٹ کی فراہمی پر سعودی عرب کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ بعدازاں وزیراعلیٰ کی جانب سے سعودی سفیر کو سوو نیئر پیش کئے گئے۔

شیئر: