حرمین شریفین کی خدمت پر تمام مسلمان سعودی عرب کے ممنون ہیں ،جدہ میں خطاب
جدہ (امین انصاری ) مسلمان اگر اپنی صفوں میں اتحاد قائم کرلیں تو دنیا کی کوئی بھی باطل طاقتیںاسلام اور مسلمان کا کچھ بگاڑ نہیں سکتیں۔ان خیالات کا اظہار مولانا محمد وزیر علی قاسمی صدر جامعہ عربیہ سیوانگر و کنونیئر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین حلقہ چھتہ بازار نے جدہ میں مقیم علماء کی ایک نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام مولانا حافظ امجد نے کیا تھا ۔ مولانا وزیر علی قاسمی نے کہا کہ علماءاور سیاستداں ملکر اگر عوام کی اصلاح کا کام شروع کریں تو بہت تیزی سے معاشرے میں سدھار پیدا ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آ ج مسلم لڑکیاں بڑی تعداد میں غیر مسلموں سے نکاح کررہی ہیں یا دوستی کررہی ہیں اس کے ذمہ دارجہاں والدین ہیں وہیں ہم علماءبھی ہیں کیونکہ ہم اصلاح معاشرہ کا کام صحیح انداز میں انجام دینے سے قاصر رہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب ہندو لڑکے سے مسلمان لڑکی نکاح کرتی ہے تو رجسٹرار آفس میں نکاح سے قبل 15 دن تک ان کی فوٹو اور نام بورڈ پر آویزاں ہوتا ہے ہمیں چاہئے کہ ہم ان ناموں کو دیکھیں اور ان کے والدین کو اطلاع دیں اور انہیں اس گناہ عظیم سے اپنی بچیوں کو بچانے کی تلقین کریں ۔مولانا وزیر علی قاسمی نے اس موقع پر کہا کہ دینی مدارس اسلام کے فروغ کے وہ باغ ہیں جہاں مختلف مکاتب فکر کے ائمہ کرام وجوو میں آتے ہیں ہمیں ان مدارس کی قدر اور ان کے بڑھاوے کیلئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔ باطل طاقتیں ان دینی مدارس پر بہتان لگارہی ہیں اور وہ ہندوستان میں ان مدارس کو بند کرنے کی سازشیں کررہے ہیں ۔ انہوں نے حرمین شریفین کی توسیع اور تعمیرات کی ترقی کو سراہتے ہوئے کہا کہ خادم الحرمین الشریفین نے حجاج کرام کیلئے بے شمار سہولیات فراہم کیں جس کے لئے حجاج اور پوری دنیا کے مسلمان ان کے ممنون ہیں ۔ تقریب میںمدرسہ عبداللہ بن عمر کے صدر مولانا یوسف مفتاحی ، مولانا مقصود طاہر ، مولاناحافظ محمد حمید ، علی بن کربان ،اکرام علی اور دیگر علماءموجود تھے۔