امریکی ریاست ایریزونا کے شہر فینکس کے قریب واقع چڑیا گھر میں تیندوے نے ایک عورت کا سیلفی لیتے ہوئے ہاتھ دبوچ لیا ۔
واقعے کی موبائل سے بنائی ہوئی ویڈیو میں عورت کو بائیں بازو پر زخم آنے کے بعد زمین پر تڑپتے دیکھا جا سکتا ہے۔
عینی شاہد ایڈم ولکرسن امریکی چینل فاکس 10 کو بتایا کہ انہوں نے ایک لڑکی کو مدد کے لیے پکارتے ہوئے سنا ، جن کے بازو پر تیندوے نے اپنے پنجے پنجرے سے نکال کر گاڑھے ہوئے تھے۔
ولکرسن کی والدہ نے تیندوے کا دھیان بٹانے کے لیے اس کی طرف پانی کی بوتل ڈالی ، جس دوران ولکرسن نے عورت کو گرفت سے چھڑا لیا۔
موبائل کیمرے کی بعد کی ویڈیو میں تیندوے کو پلاسٹک کی بوتل چباتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اس حادثے کی امدادی کارروائی والے محکمے کے ترجمان شان گلینڈ نے متاثرہ خاتون کا نام بتانے سے انکار کیا لیکن بتایا کے ان کی عمر لگ بھگ 30 سال تھی ۔
گلینڈ نے یہ بھی بتایا کہ انہیں علاج کے لیے اسپتال لے جایا گیا اور وہاں سے چڑیا گھر واپس لایا گیا تاکہ پنجرے پر چڑھ کر سیلفی لینے پر وہ حکام سے معافی مانگیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ”’انہیں جانور کی تصویر یا اس کے ساتھ سیلفی لینی تھی جس کے لیے انہوں نے اپنا بازو پنجرے کے اتنے نزدیک رکھا کہ تیندوا ان تک پہنچ سکا۔‘
ایک بیان میں چڑیا گھر حکام نے بتایا کہ مادہ تیندو۱ پنجرے کے اندر اپنی باڑ سے نہیں نکلی تھی، البتہ حادثے کی تحقیقات جاری ہیں ۔
ٹوئٹر پر حکام نے کہا ’ہم آپ سے وعدہ کرتے ہمارے تنیدوے کو کچھ نہیں ہوگا۔‘
چڑیا گھر ترجمان کرسٹی مارکوم نے چینل فاکس 10 کو بتایا کہ پنجرے کے گرد ایک باڑ ہے جو تیندوے کے رہنے کی جگہ اور دیکھنے والوں کے درمیان فاصلہ رکھتی ہے۔
کرسٹی مارکوم کا کہنا تھا کہ کوئی بھی چھلانگ لگائے بغیر تیندوے کے اتنا نزدیک نہیں جا سکتا۔