ورلڈ کپ سے قبل سرفرازاحمد کو مکمل آرام کرانے کا فیصلہ
لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ نے کپتان سرفراز احمد سمیت ورلڈ کپ کا ممکنہ حصہ بننے والے کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ سے بھی دور رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔سلیکشن کمیٹی اور ٹیم مینجمنٹ کی طرف سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ انگلینڈ میں شیڈول ورلڈ کپ میں شامل تمام متوقع کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ کھلانے کے بجائے مکمل آرام دیا جائےگا۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی کچھ عرصہ قبل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شیڈول پریس کانفرنس کے دوران تسلیم کرچکے ہیں کہ بہت زیادہ انٹرنیشنل کرکٹ کی وجہ سے کھلاڑی تھکاوٹ کا شکار ہیں۔ورلڈ کپ میں تازہ دم قومی اسکواڈ کے حصول کیلئے پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی نے کپتان سرفراز احمد سمیت بعض سینئر کھلاڑیوں کو آسٹریلیا کے خلاف یو اے ای میں شیڈول سیریز کیلئے قومی ٹیم کا حصہ نہیں بنایا۔ مزید معلوم ہوا کہ کپتان سرفراز احمد سمیت دیگر تمام کھلاڑیوں کو پاکستان کپ میں بھی کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی تاکہ وہ مکمل آرام کر سکیں۔ پاکستان کپ 5 سے 16 اپریل تک راولپنڈی میں منعقدکئے جانے کا امکان ہے جبکہ ایونٹ کے فوری بعد سیزن کا آخری ٹورنامنٹ پیٹرنز ٹرافی گریڈ ٹو بھی کھیلا جائے گاتاہم کوئی قومی کھلاڑی شریک نہیں ہوگا۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ" اردو نیوز اسپورٹس" جوائن کریں