Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گردن کو جھریوں سے بچانے کے طریقے

خوبصورتی صرف چہرے سے ہی ظاہر نہیں ہوتی بلکہ آپ کی گردن ہاتھ اور پاﺅں کی جلد بھی اس کی عکاس ہوتی ہے۔ خواتین عام طور پر چہرے کی خوبصورتی کی جانب توجہ دیتی ہیں تاہم گردن کو یکسر نظر انداز کر دیتی ہیں۔ جس کے نتیجے میں گردن سیاہ پڑنا شروع ہو جاتی ہے یا اس پر جھریاں پڑجاتی ہیں۔ گردن پر جھریاں بڑھتی عمر کی نشاندہی کرتی ہیں۔ البتہ ہماری کچھ اپنی عادات بھی گردن پر جھریوں کا سبب بنتی ہیں۔ جیسے کہ گردن جھکا کر موبائل فون کا استعمال گردن پر جھریوں کا سبب بنتا ہے۔ اور چو نکہ گردن ایک لچکدار عضو ہے لہذا اگر ایک بار گردن پہ جھریاں پڑ جائیں تو انہیں ختم کرنا بہت مشکل ہو جاتا ہے۔ ہمیں ایسی بہت سی خواتین نظر آتی ہیں جن کے چہرے بے حد حسین اور جھریوں سے پاک ہوتے ہیں تاہم ان کی گردن ان کی بڑھتی عمر کو ظاہر کر رہی ہوتی ہے۔ اس سے بچنے کےلئے ضروری ہے کہ اپنی جلد کی مناسب دیکھ بھال کی جائے۔ صحت مند طرز زندگی اپنا کر اس طرح کے مسائل سے چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے۔ 
گردن کو جھریوں سے محفوظ رکھنے کے لئے سب سے اہم اور پہلا کام یہ ہے کہ اپنے سر کو سیدھا رکھیں اور تھوڑی کو اونچا اٹھا کر رکھیں۔ یہ جھریوں کے ساتھ ساتھ ڈبل چن سے بھی محفوظ رکھنے کے لیے ضروری ہے۔ دوسری اہم بات یہ کہ بہت اونچا تکیہ استعمال نہ کریں۔ اس سے گردن میں جھکاﺅ پیدا ہوتا ہے جو جھریوں اور ڈبل چن کا سبب بنتا ہے۔ ہمیشہ نیچا اور چھوٹا تکیہ استعمال کریں تاکہ آپ کا سر کمر کی سیدھ میں رہ سکے۔ تیسری اہم بات یہ کہ دن بھر میں کم سے کم آٹھ گلاس پانی لازمی پئیں۔ یہ نہ صرف آپ کی گردن کی جلد کے لئے بلکہ چہرے کو شاداب اور خوبصورت رکھنے کے لیے بھی ضروری ہے۔ چوتھی اہم بات یہ کہ چونکہ آپ کی گردن کی جلد بہت نازک اور حساس ہوتی ہے لہٰذااس سے بھی اتنی ہی توجہ دیں جتنی آپ اپنے چہرے کو دیتی ہیں۔ رات کو سونے سے پہلے گردن پر کسی اچھی کریم سے مساج کریں۔ گردن پر مساج نیچے سے اوپر کی جانب کریں۔ اس کے علاوہ چھوٹی سی ورزش گردن کی جلد کو ٹائٹ رکھنے میں مدد دے سکتی ہے۔ سر کو پیچھے کی جانب جھکا کر چھت کی طرف دیکھیں۔ 30سیکنڈ تک اسی حالت میں رہیں پھر سر کو دائیں اور بائیں جانب آہستہ آہستہ گھمائیں۔ اور اہم بات یہ کہ گردن کو سورج کی الٹراوائلٹ شعاعوں سے محفوظ رکھیں۔ سورج کی شعاعیں گردن کی جلد کی لچک کو ختم کرکے اس میں جھریاں پیدا کرنے کا سبب بنتی ہیں۔ مندرجہ بالا ہدایات پر عمل کر کے آپ اپنی جلد کو جھریاں پڑنے سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔
 

شیئر: