ریاض ۔۔۔۔ محکمہ شہری ہوا بازی نے کہا ہے کہ گزشتہ سال 2018ءکے دوران سعودی ایئر پورٹس سے مسافروں کی ریکارڈ تعداد نے سفر کیا۔ محکمہ کی طرف سے جاری ہونے والے اعداد وشمار کے مطابق 99.86ملین مسافروں نے سعودی عرب کے مختلف ہوائی اڈوں سے771828پروازوں کے ذریعہ سفر کیا۔مسافروں کی آمدو رفت سب سے زیادہ متحدہ عرب امارات کی تھی۔ دوسرے نمبر پر مصر تھا جبکہ پاکستان کا اسٹیشن تیسرے نمبر پر رہا۔ 2017ءکے مقابلے میں گزشتہ سال 2018ءکے دوران سفر کرنے والوں کی تعداد میں 8فیصد اضافہ ہوا۔ 2017ءکے دوران سعودی عرب کے ہوائی اڈوں سے سفر کرنے والوں کی تعداد 92.42ملین تھی۔ یہ تعداد اس سے پہلے سال کے مقابلے میں 4.1فیصد زیادہ تھی۔ 2017ءمیں 741293پروازوں کی آمدو رفت ہوئی۔ اعداد وشمار میں بتایاگیا کہ سعودی عرب کے انٹر نیشنل ایئر پورٹس میں گزشتہ سال مسافروں کی تعداد 97.3ملین رہی جنہوں نے 741893پروازوں کے ذریعہ سفر کیا جبکہ اندرون ملک ایئر پورٹس کے مسافروں کی تعداد 2.6ملین تھی جنہوں نے 29935پروازوں سے سفر کیا۔ جدہ کا کنگ عبدالعزیز انٹر نیشنل ایئر پورٹ سعودی عرب کے تمام ہوائی اڈوں میں سر فہرست رہا جس کے ذریعہ مسافروں کی تعداد 35.8ملین رہی۔ دوسرا نمبر ریاض کے کنگ خالد انٹر نیشنل ایئرپورٹ کا ہے جس کے ذریعہ27.9ملین مسافروں نے سفر کیا۔ تیسرے نمبر پر دمام کا کنگ فہد انٹر نیشنل ایئرپورٹ ہے جس کے مسافروں کی تعداد 10.4ملین تھی۔ پانچویں نمبر پر مدینہ منورہ کا شہزادہ محمد بن عبد العزیز انٹر نیشنل ایئرپورٹ ہے جس مسافروں کی تعداد8.8ملین تھی۔ ابہا انٹر نیشنل ایئر پورٹ آخری نمبر پر ہے جس کے ذریعہ سفر کرنے والوں کی تعداد 4.5ملین تھی۔ سعودی ایئر پورٹس کے ذریعہ سب سے زیادہ سفر امارات کی طرف کیا گیا۔ دوسرے نمبر پر مصر جبکہ پاکستان تیسرے نمبر پر تھا۔ ہند اور ترکی چوتھے اور پانچویں نمبر رہے۔