Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلاول بچہ بن کر کھیلے تو اچھا ہے

 کراچی ...وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کو انجن بدلنے کا مشورہ دیا ہے اورکہاہے کہ نواز شریف اور زرداری کے رنگ پسٹن اور پلگ گھس چکے۔ بلاول مجھ سے بچ کر کھیلے۔ لوگ بیچ بچا وکروا رہے ہیں۔ بلاول کو پھر معاف کیا۔ بلاول بچہ بن کر کھیلے تو اچھا ہے ورنہ سیاسی موت مارا جائے گا۔ زرداری نے اب بلاول کو آگے کر دیا ۔ زرداری نے 8 سال تک بے نظیر بھٹو قتل کیس نہیں چلایا۔ لوکوشیڈ کراچی میں مزدوروں کی تقریب میں شرکت کے موقع پرصحافیوں سے گفتگو اورمزدوروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلاول بچہ بن کر کھیلے تو اچھا ہے ورنہ سیاسی موت مارا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ابھی تو بلاول کو کچھ نہیں کہا ہے، مجھے ڈر ہے کہ کہیں بلاول کپڑے پھاڑ کر میرے خلاف تھانے نہ چلا جائے اور ایف آئی آر نہ کٹوا دے۔ پھرکہے گا مجھے شیخ رشید نے چھیڑا ہے۔ عمران خان کو کہے گا اس نے مجھے چھیڑا اسے وزارت سے نکالو۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ریلوے نے6 ماہ میں ترقی کی ہے، ریلوے میں 10 ہزار اسامیاں پیدا کی جارہی ہیں۔ اپنی فریٹ ٹرینیں اسی ملک میں ہی بناسکتے ہیں۔ ہمارے پاس ساری ٹیکنالوجی موجود ہے لیکن ہم پھر بھی پیچھے رہ گئے ۔ اگلا مشن ہے کہ پاکستان کچھ امپورٹ نہ کرے ۔جب چیزیں درآمد کی جاتی ہیں تو اس میں کرپشن اور کمیشن ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ لٹیروں نے ملک کو لوٹا اور عوام کو گیس کے اضافی بل دینے پڑ رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ریلوے مزدوروں کی وجہ سے چل رہی ہے۔مزدوروں کو ایک ماہ میں تین ہزار روپے اضافی الاونس دیا جائے گا۔انہوں نے کراچی سے دو نئی ٹرینیں چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان جلد چین جائیں گے جہاں 1700 کلو میٹر ریلوے ٹریک کا معاہدہ کیا جائے گا۔ ریلوے کے تمام ٹریک بہتر کرنے پر کام کر رہے ہیں۔ منصوبے میں ایک چینی اور 9 پاکستانیوں کی شمولیت کا معاہدہ طے پایا ہے۔

شیئر: