امن دشمنوں کو کامیاب پی ایس ایل کی صورت میں جواب
کراچی... ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ امن کے دشمنوں کو کامیاب پی ایس ایل کی صورت میں جواب دیا ہے۔ ڈٰی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان سپر لیگ کا فائنل میچ د یکھا۔ اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ پی ایس ایل کی کامیابی پوری قوم کی کامیابی ہے، ہم سب نے مل کر اس ایونٹ کو کامیاب بنایا ہے۔پی ایس ایل کے میچز شمالی وزیرستان کے شہر میرانشاہ اور آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں بھی کرائے جائیں گے۔خوشی کی بات ہے کہ پاکستان میں کھیلوں کی سرگرمیاں بحال ہورہی ہیں۔میجر جنرل آصف غفور نے صحافیوں کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔ اس سے قبل ترجمان پاک فوج نے ایک ٹوئٹ میں پی ایس ایل 4 کا فائنل کھیلنے والی دونوں ٹیموں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کراچی کے لئے مخصوص لفظ عروس البلاد کے ساتھ ”پاکستان زندہ باد“ بھی تحریر کیا ۔ اپنی ٹوئٹ میں ایک وڈیو بھی شیئر کی جس میں شاہد آفریدی، سرفراز احمد، ڈیرن سیمی اور کیرن پولارڈ سمیت دیگر کھلاڑی پاکستان زندہ باد کے نعرے لگارہے ہیں۔