نمائش میں شرکت سے پاک سعودی تعلقات اور دفاعی تعاون میں اضافہ ہوگا، راجہ اعجاز علی
ریاض( ذکاءاللہ محسن )رائل سعودی ایوی ایشن کی جانب سے 3 روزہ ائیرشو میں پہلی مرتبہ پاکستان سے گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشن کی جانب سے ا سٹال بھی لگایا گیا جس کا سفیر پاکستان راجہ علی اعجاز نے دورہ کیا اور کہا کہ نمائش سے پاک سعودی تعلقات میں اضافے کے علاوہ دونوں ملکوں کی دفاعی صلاحیت کے سلسلے میں تعاون بڑھانے میں بھی مدد ملے گی اور ایک دوسرے کے ساتھ دفاعی مصنوعات کو فروغ دینے میں اہم پیش رفت ممکن ہو پائے گی۔ ائیر شو کا افتتاح شہزادہ سلطان بن سلمان نے کیا جبکہ سفارت خانہ پاکستان کے کمرشل اتاشی ڈاکٹر عامر بھی سفیر پاکستان کے ہمراہ موجود تھے۔ اس سے قبل ایئر شو میںپہلے روز طیاروں نے بھرپور پرفارمنس کا مظاہرہ کیا اور فضا میں ایسے کرتب دکھائے کہ ہر دیکھنے والی آنکھ دنگ رہ گئی اس سال ائیر شو میں جنگی طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کے علاوہ مسافر بردار طیارے بھی شامل کئے گئے ۔ سعودی ائیر لائن کے طیاروں کے علاوہ اماراتی طیارے بھی نمائش کی رونق کو دوبالا کئے ہوئے ہیں جبکہ تقریب میں آنے والے سینکڑوں افراد جنگی طیاروں، ہیلی کاپٹروں اور مسافر بردار جہازوں میں بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں مگر ان سب سے بڑھ کر رائل سعودی ایوی ایشن کی جانب سے سعودی ہوابازوں کے طیاروں کے ہمراہ فضا میں کرتب سب سے نمایاں ہیں۔ سعودی طیارے فضا میں بلند ہوئے تو انہوں نے ایسے کرتب دکھائے کہ شرکاء دنگ رہ گئے۔ قوس و قزح کے رنگ بکھیرتے جہازوں نے فضا کو رنگین بنا دیا۔ہوابازوں نے حیرت انگیز کرتب دکھا کر حاضرین کے دل موہ لئے۔