انڈین پریمیئر لیگ ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر کھیلی جائیگی
چنئی: ہند کی ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی لیگ آئی پی ایل اپنی روایتی فارمیٹ کے تحت ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر ہی کھیلی جائے گی اور عام انتخابات کی وجہ سے اس کے میچ چھوٹے شہروں میں منتقل کرنے کا کوئی پروگرام نہیں۔ لیگ کا آغاز 23مارچ کو دفاعی چیمپیئن چنئی سپر کنگز اور کولکتہ نائٹ رائڈرز کے درمیان کھیلے جانے والے میچ سے ہوگا۔ لیگ کے درمیان میں 11اپریل سے 19مئی کے دوران ہند کے عام انتخابات بھی منعقدہوں گے جس کی وجہ سے لیگ کے پلے آف، 2کوالیفائرز ، ایلیمینیٹر اور فائنل کے مقامات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ اس بات کا واضح امکان ہے کہ فائنل چنئی میں جبکہ پلے آف حیدر آباد میں کھیلا جائے ۔کنگز الیون پنجاب اپنے تمام ہوم میچ موہالی میں ہی کھیلی گی ۔ آئی پی ایل میں8ٹیمیں شریک ہیں۔2009ء اور2014ءمیں بھی لیگ کے دوران انتخابات ہوئے تھے اور اسے جنوبی افریقہ کے علاوہ ابتدائی چند میچوں کیلئے امارات منتقل کیا گیا تھا ۔ دریں اثناء آئی پی ایل فرنچائز راجستھان رائلز نے ہند سے باہر اپنی پہلی کرکٹ اکیڈمی برطانیہ کی کاونٹی سرے میں قائم کردی ہے جس میں آسٹریلیا کے سابق لیگ اسپنر نے بھی کمسن کرکٹرز کو کھیل کی بابت بتانے کی کوشش کی۔مقامی اسکول میں قائم اکیڈمی کا نام بھی فرنچائز کے نام پر رکھا گیا ہے۔ شین وارن ماضی میں راجستھان رائلز کیلئے کھیل چکے ہیں جبکہ انگلینڈ کے موجودہ کرکٹرز بین اسٹوکس اور جوز بٹلر اس وقت راجستھان رائلز کا حصہ ہیں۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ" اردونیوزاسپورٹس" جوائن کریں