وٹامن ڈی جسم کے افعال بہترین طریقے سے انجام دینے کے لیے ایک اہم ضرورت ہے ۔ ہڈیوں کی نشوونما اور مضبوطی کے لیے وٹامن ڈی لازم و ملزوم ہے ۔ یہ کیلشیم کو ہڈیوں میں جذب کرنے کا سبب بنتا ہے ۔ اس کا تعلق براہ راست صحت کی بہتری سے ہوتا ہے ۔ کل دنیا کی 13 فیصد آبادی وٹامن ڈی کی کمی کا شکار ہے ۔ اگرچہ اس کی مقدار کا کوئی خاص تناسب موجود نہیں تاہم ایک عام شخص کو صحت مند بلڈ لیول برقرار رکھنے کےلئے روزانہ 600 سے 2000 آئی یو وٹامن ڈی کی ضرورت ہوتی ہے ۔
ذیل میں چند ایسے طریقے درج ہیں جن کے ذریعے جسم کی وٹامن ڈی کی ضرورت کو پورا کیا جا سکتا ہے ۔
وٹامن ڈی کو چونکہ سن شائن وٹامن قرار دیا جاتا ہے سورج کی روشنی اس کے حصول کا پہلا اور اہم ذریعہ ہے ۔ سورج کے ذریعے حاصل ہونے والے وٹامن ڈی کی مقدار خوراک یا سپلیمنٹ کے ذریعے حاصل ہونے والے وٹامن ڈی سے دوگنی ہوتی ہے ۔ سورج کی الٹراوائلٹ بی شعاعیں جلد میں جذب ہو کر وٹامن ڈی پیدا کرنے کا سبب بنتی ہیں ۔
فیٹی فش اور سی فوڈز وٹامن ڈی سے بھرپور قدرتی غذائیں ہیں ۔ اس کے ساتھ ان میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈز بھی کثیر مقدار میں پائے جاتے ہیں ۔
مشروم وہ واحد پودا ہے جو مکمل طور پر وٹامن ڈی فراہم کرتا ہے ۔ انسانوں کی طرح مشروم بھی سورج کی الٹراوائلٹ شعاعوں کے ذریعے اپنا وٹامن ڈی خود بناتا ہے ۔ انسانوں میں وٹامن ڈی ، ڈی 3 جبکہ مشروم میں ڈی 2 کی شکل میں بنتا ہے ۔
انڈے کی زردی کو اگر روزانہ کی روٹین میں شامل کر لیا جائے تو یہ بھی وٹامن ڈی کی فراہمی کا اہم ذریعہ ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ فورٹیفائیڈ فوڈز بھی وٹامن ڈی کی کثیر مقدار فراہم کرتی ہیں ۔ گائے کا دودھ ، سویا ، بادام ، مالٹے کا جوس ، اناج اور دہی جسم کی وٹامن ڈی کی ضروریات کو پورا کرنے کا اہم ذریعہ ہیں ۔
اگر خوراک اور سورج کی شعاعوں کے ذریعے جسم کی وٹامن ڈی کی ضروریات پوری نہیں ہورہی تو سپلیمنٹ کے ذریعے اس کمی کو دور کیا جاسکتا ہے ۔ اپنے معالج سے رجوع کرکے سپلیمنٹ کی درست ڈوز کا تعین کریں اور صحت مند زندگی کے لیے اپنے جسم کی ضروریات کو پورا کریں ۔