Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کیلئے نئی ویمنز سلیکشن کمیٹی کا اعلان

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ نے عروج ممتاز کی سربراہی میں پاکستان ویمنز ٹیم کے انتخاب کیلئے خواتین ارکان پر مشتمل نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلان کردیا جس کی سربراہی سابق کپتان عروج ممتاز کریں گی۔3 رکنی کمیٹی میں اسماویہ اقبال کو برقرار رکھا گیا ہے جبکہ مرینہ اقبال کو کمیٹی کا حصہ بنایا گیا ہے جس کا پہلا ہدف رواں سال مئی میں جنوبی افریقہ میں شیڈول آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ کیلئے ٹیم کا انتخاب ہے۔ خواتین کرکٹ کے ڈھانچے میں ازسرنو تبدیلی کے منصوبے کے طور پر عائشہ جلال کو ٹیم منیجر کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے جبکہ عائشہ اشعر کو انٹرنیشنل کرکٹ کی منصوبہ بندی اور رابطہ سازی کی ذمہ داری دی گئی ہے۔یاد رہے کہ ویمنز ٹیم کے انتخاب کیلئے سابق فاسٹ بولر جلال الدین کی سربراہی میں قائم پرانی سلیکشن کمیٹی کی مدت گزشتہ ماہ ختم ہو گئی تھی تاہم بورڈ نے اس کی تجدید کے بجائے صرف خواتین پر مشتمل سلیکشن کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان نے مستقبل میں خواتین کرکٹ ترقی کو اپنی ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ نئی سلیکشن کمیٹی ان لوگوں پر مشتمل ہے جو اب تک کھیل سے منسلک تھیں اور کھیل کے جدید تقاضوں کو سمجھتی ہیں۔عروج ممتاز سمیت دیگر 2اراکین نے کمیٹی کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم پی سی بی کی شکرگزار ہیں جس نے ہماری صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ہمیں یہ ذمہ داری دی اور ہم اس پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گی۔عروج ممتاز پاکستان کیلئے ایک ٹیسٹ، 38ون ڈے اور 9ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میچ کھیل چکی ہیں۔
کھیلوں کی  مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ" اردو نیوزاسپورٹس" جوائن کریں

شیئر: