سعودی عرب میں پہلی بار خواتین نے ہوائی ٹریفک کا نظام سنبھال لیا
سعودی عرب میں خواتین نے ہوائی ٹریفک کنٹرولرکی تربیت حاصل کرکے باقائدہ کام شروع کردیا ہے اور جدہ میں قائم ایئرٹریفک کنٹرول سینٹر میں سعودی ایئر نیوی گیشن سروسز نے بدھ کو خواتین ہوائی ٹریفک کنٹرولر کے پہلے بیچ کی تقرری کاجشن منایا۔
سعودی عرب کی تاریخ میں یہ پہلی بار ہے کہ خواتین نے ہوائی ٹریفک کا نظام سنبھالا ہے۔
پہلے بیچ میں شامل گیارہ سعودی خواتین نے سعودی سول ایوی ایشن اکیڈمی کے تعاون سے سعودی ایئر نیوی گیشن سروسز کی جانب سے منعقدہ ہوائی ٹریفک قابو کرنے کے نظام سے متعلق ایک سال کی ٹریننگ مکمل کی ہے اور اب یہ باقائدہ طور پر سعودی عرب کی ایئر نیویگیشن سروسز میں شامل ہوگئی ہیں۔
ان خواتین نے بدھ سے جدہ میں موجود ایئر ٹریفک کنٹرول سینٹرمیں فرائض انجام دینا شروع کر دیے ہیں۔ سعودی ایئر نیوی گیشن سروسزکے اشتراک سے اکیڈمی کے اس اقدام کا مقصد خواتین کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرناہے تاکہ سعودی عرب کی معیشت کا انحصار تیل پرکم سے کم ہو سکے۔
یاد رہے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے’ ویژن 2030‘ نامی اصلاحی ایجنڈے میں واضح کیاگیا تھا کہ ایجنڈے کے تحت روزگار کے مواقع بڑھائے جائیں گے اور سعودی حکومت کی آمدنی کا انحصار تیل کے بجائے دیگر ذرائع پر بھی کیا جائے گا۔
اس سے قبل ایئر نیویگیشن سروسزکے سربراہ رایان تراب زونی نے کہا تھا کہ کمپنی میں خواتین کی شمولیت کو ترجیح دی جائے گی۔
سعودی اصلاحی ایجنڈے کے تحت خواتین کو ان کے حقوق دینے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ اس کے علاوہ’سعودی زیشن پراجیکٹ‘ کے ذریعے سعودی شہریوں کو مختلف شعبوں میں بھرتی کرنے کی پہلی ترجیح دی جائے گی۔