یوم پاکستان: ریاض میں پرچم کشائی کی تقریب
ذکاء اللہ محسن۔ ریاض
یوم پاکستان کے حوالے سے سفارت خانہ پاکستان میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں تینوں مسلح افواج کے اہلکاروں سمیت کمیونٹی کے سینکڑوں مردو خواتین اور بچوں نے بھرپور شرکت کی۔
اس موقعہ پر قائم مقام سفیر ذیشان احمد نے پرچم کشائی کی اور لوگوں نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔ سفارت خانہ پاکستان کے چانسری حال میں منعقد ہونے والی تقریب میں قائم مقام سفیر ذیشان احمد نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم پاکستان عمران خان کے پیغامات پڑھ کے سنائے جن میں آج کے دن کی مناسبت سے تجدید عہد کرنے کے علاوہ ملکر پاکستان کو عظیم مملکت بنانے کا عہد کیا گیا جبکہ لسانی اور گروہ بندی کے ساتھ ساتھ فرقہ واریت اور دیگر علاقائی تعصب کا خاتمہ کرکے ایک اچھا پاکستانی بننے کی تلقین کی گئی تھی ۔ اس کے علاوہ ہمسایہ ممالک سے اچھے تعلقات اور دیگر اقوام عالم میں باوقار قوم کے طور پر بڑھنے پر زور دیا گیا۔ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے حوالے سے پیغامات میں کہا گیا تھا کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔
سفارت خانہ پاکستان آنے والےکمیونٹی ممبران نے قومی لباس زیب تن کئے ہوئے تھے۔ ان کا یہ کہنا تھا کہ وہ قومیں ہمیشہ قائم و دائم رہتی ہیں جو اپنے قومی تہوار جوش وخروش کے ساتھ مناتی ہیں۔ ہم قائد اعظم محمد علی جناح اور دیگر قائدین کا شکریہ ادا کرتے ہیں جن کی جدوجہد کے نتیجے میں پاکستان معرض وجود میں آیا اور ہم آزاد فضاوں میں سانس لے رہے ہیں۔