ریاض :پاکستان باوقار ملک ہے، اسے دنیا کى سربراہی کرنی ہے، سراج الحق
ذکاء اللہ محسن۔ ریاض
مجلس پاکستان کی جانب سے یوم پاکستان کی بڑی تقریب منعقد ہوئی جس میں سینکڑوں کی تعداد میں پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی۔ شرکاء سے امیر جماعت اسلامی سینٹر سراج الحق نے خطاب کیا اور کہا کہ ہمیں ملکر پاکستان کو ایک عظیم مملکت بنانا ہے۔دارلحکومت ریاض میں منعقد ہونے والی یوم پاکستان کی تقریب میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ 23 مارچ تجدید عہد کا دن ہے۔ ہمیں اس دن کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے پاکستان کو ترقی یافتہ بنائیں کیونکہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ نوجوان طبقہ پاکستان کا ہراول دستہ ہے جن کی صلاحیت کو بروکار لاکر ملک میں انقلاب برپا کیا جاسکتا ہے ۔ضرورت ہے کہ نوجوان طبقے کو درست سمت مہیا کی جائے جبکہ کشمیر کے ایشو پر ہمیں دنیا بھر کے ہر فورم پر اپنے کشمیری بھائیوں کا مقدمہ لڑ کر انہیں آزادی جیسی نعمت سے ہمکنار کرنا ہے ۔
امیر جماعت اسلامی سینٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان دنیا کا باوقار ملک ہے جس نے آئندہ دنیا بھر کی سربراہی کرنی ہے۔ اس لئے ضروری ہے کہ ہم یکجان ہوکر ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں جبکہ 23 مارچ کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہمیں لسانیت، گروہ بندی اور فرقہ واریت سے بالاتر ہوکر صرف پاکستانی اور اچھا مسلمان بننا ہے۔ پاکستانی قوم باصلاحیت اور ہر قسم کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کا حوصلہ رکھتی ہے ۔اس کو ابھی تک وہ قیادت میسر نہیں آئی جو اسے درست سمت کی جانب لیکر چل سکے ۔اس کے علاوہ تعلیمی میدان میں کمزوری کے سبب ہماری قوم دیگر اقوام سے پیچھے رہ گئی ہے مگر ہم پر امید ہیں کہ پاکستان ترقی کی نئی منازل طے کرے گا اور اقتصادی طور پر مستحکم بھی ہوگا۔ پاکستان قدرتی مناظر کے علاوہ معدنیات سے مالا مال ملک ہے مگر ضرورت اس امر کی کے کہ ہم اپنے وسائل کو استعمال کیسے کر رہے ہیں اور جو وسائل استعمال ہو رہے ہیں ان کو درست وقت اور درست جگہ لگایا جا رہا ہے کہ نہیں ۔کرپشن ہمارے ملک کا بڑا مسئلہ ہے جو ملک کو دیمک کی طرح کھا رہا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ملک کے اندر تمام سرکاری و نیم سرکاری اور سیاستدان ملک کو اپنا گھر سمجھتے ہوئے اس کی آبیاری میں ساتھ دیں نا کہ ملکی دولت کو لوٹ کر ملک کو کنگال کریں۔ ہماری انفرادی اور اجتماعی سوچ یہی ہونی چاہئے کہ ہم نے بطور پاکستانی اپنا کردار ادا کرنا ہے۔
اوورسیرز پاکستانیوں کا کردار بھی بڑا اہم رہا ہے جو محنت اور مشقت کرکے اپنے اہل و عیال کے علاوہ ملک و قوم کی خدمت بھی کر رہے ہیں اور زرمبادلہ بھیج کر اقتصادی حالت کو بہتر بنانے میں کردار ادا کرتے ہیں۔
اہل ریاض سے ملاقاتیں کرکے بہت اچھا لگا اور جس قدر یہاں کمیونٹی متحرک ہے اور ایک دوسرے کے ساتھ ملکر چلتی ہے۔ اس سے باہمی بھائی چارے اور یگانگت کو فروغ ملتا ہے۔
تقریب میں ڈاکٹر آصف قریشی نے خطبہ استقبالیہ دیا اور مجلس پاکستان کے صدر رانا عبدالروف نے تقریب کے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا جبکہ تقریب کی احسن اور خوبصورت انداز میں نظامت کے فرائض حافظ عبدالوحید نے سرانجام دئیے۔