سوہنی دھرتی اللہ رکھے ،گلوکارہ شہناز بیگم انتقال کر گئیں
ڈھاکا....سوہنی دھرتی اللہ رکھے اور جیوے، جیوے پاکستان جیسے شہرہ آفاق گیت گانے والی شہناز بیگم انتقال کرگئیں۔ ان کے گائے ہوئے نغمے کئی دہائیاں گزرنے کے بعد بھی مقبول عام ہیں۔شہناز بیگم بنگلہ دیش بننے کے بعد سے ڈھاکا میں مقیم تھیں۔ گزشتہ رات انہیں دل کا دورہ پڑا اور وہ خالق حقیقی سے جاملیں۔ 67 سالہ شہناز بیگم 2 جنوری 1952 کو ڈھاکا میں پیدا ہوئیں ۔ان کی بیٹی برطانیہ جب کہ بیٹا کینیڈا میں رہائش پزیر ہے۔شہناز بیگم 2010 میں عمرے کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب آئیں۔ ڈھاکا واپسی پر اپنا گھر بیچ کر رقم غریبوں میں بانٹ دی تھی۔
وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے شہناز بیگم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شہناز بیگم کے نغمے سوہنی دھرتی اللہ رکھے اور جیوے جیوے پاکستان ہمارے قومی ورثے کا انمول اثاثہ اور قوم کی آواز ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے ٹوئٹ کیاکہ ہم محسور کن آواز کی مالک گلوکارہ شہناز بیگم کے انتقال پر دکھ اور افسوس کااظہار کرتے ہیں۔ شہناز بیگم کا گایا ہوا نغمہ سوہنی دھرتی اللہ رکھے اب تک ہمارے کانوں میں رس گھول رہا ہے۔ واضح رہے کہ شہناز بیگم کا گایا ہوا مقبول ملی نغمہ سوہنی دھرتی اللہ رکھے، قدم قدم آباد تجھے جمیل الدین عالی نے لکھا تھا اس کی موسیقی سہیل رانا نے ترتیب دی تھی۔شہناز بیگم کو ان کی خدمات کے اعتراف میں کئی اعزازات سے بھی نوازا گیاتھا۔