سستی ترین موبائل فون سروسز فراہم کرنے میں پاکستان سر فہرست
انعم تسنیم قریشی
ورلڈ اکنامک فورم کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان جنوبی ایشیا کے ممالک انڈیا، بنگلہ دیش اور سری لنکا سمیت دنیا بھر میں سستی ترین موبائل سہولیات مہیا کرنے والے ممالک میں پہلے نمبر پر ہے۔
ماہرین کے مطابق پاکستان کی ٹیلی کام مارکیٹ کے سستا ہونے کی بڑی وجہ یہ ہے کہ یہاں صارفین کے پاس چوائس زیادہ ہے اور اس لئے سروسز فراہم کرنے والی کمپنیوں کے درمیان کمپیٹیشن بھی بڑھ جاتا ہے کہ وہ سستے ترین موبائل فون پیکجز متعارف کروائیں۔
ورلڈ اکنامک فورم کی رپورٹ ’نیٹ ورک ریڈنیس انڈیکس 2019 ‘کے مطابق دنیا بھر میں سستی ترین ٹیلی کام سروسز مہیا کرنے والے138 ممالک کی فہرست میں پہلی پوزیشن پر ہے اور پاکستان خطے کے دیگرممالک جن میں انڈیا، بنگلہ دیش اور سری لنکا شامل ہیں، سب سے آگے ہے۔ ان ممالک کا فہرست میں بالترتیب آٹھواں، چودھواں اور پینتیسواں نمبر ہے۔
گذشتہ سال 22نومبر کو ورلڈ اکنامک فورم نے ایک ویب پوسٹ جاری کی تھی جس میں کہاگیا تھا کہ پاکستان دنیا کی تیزی سے ابھرتی ہوئی ای کامرس کی مارکیٹوں میں سے ایک ہے۔ ‘
بیان میں کہاگیا تھا کہ ’پاکستان کئی سالوں سے جاری دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصروف رہنے کے بعداب ترقی کی راہ پر گامزن ہے، پاکستان کی معاشی ترقی کی شرح 5.8فیصد ہے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بحال ہوا ہے۔‘
سنہ 2017 میں منعقدہ ورلڈ اکنامک فورم میں امریکی ملٹی نیشنل ای کامرس کارپوریشن’ ای بے‘ کے چیف ایگزیکٹو ڈیون وینیگ نے بھی پاکستان کودنیا کی تیزی سے ابھرتی ہوئی ای مارکیٹس میں سے ایک قرار دیاتھا۔
سنہ 2018 میں چین کی سب سے بڑی آن لائن کمپنی ’علی بابا‘ نے پاکستان کی مقبول ای کامرس ویب سائیٹ ’دراز ڈاٹ پی کے ‘ کو خرید لیاتھا۔
-
موبائل فون سروسز سستی ہونے کی وجہ کیا ہے؟
انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہر محمد مدثر نے اردو نیوز کو بتایا کہ پاکستان میںسستی ترین ٹیلی کام سروسز کی وجہ یہ ہے کہ’ ٹیلی کا م کمپنیوں کی آپس میں مقابلے بازی ان سستی سروسز کی بڑی وجہ ہے۔ پاکستان میں ٹیلی کام مارکیٹ میں لوگوں کے پاس چوائس زیادہ ہے، پاکستان میں چونکہ مالی طور پر لوگ اتنے مستحکم نہیں ہیں توکمپنیاں آئے روز پُرکشش کال پیکجز اورسستے کال ریٹس متعارف کرارہی ہوتی ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ان کی طرف متوجہ ہوں۔ ‘
پاکستان ٹیلی کمونیکیشن اتھارٹی کے مطابق (پی ٹی اے) کے مطابق پاکستان میں موبائل فون صارفین کی تعداد 15 کروڑ70 لاکھ ہوچکی ہے، جبکہ موبائل فون انٹر نیٹ اور براڈ بینڈ انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کی تعداد11 کروڑ 30 لاکھ ہے۔