’دنیا کا سب سے بڑا کتاب میلہ اب پاکستان میں‘
جی ہاں آپ صحیح سمجھے دنیا کا سب سے بڑا کتابی میلہ پاکستان کے شہر لاہور میں اپریل میں منعقد ہورہا ہے۔ یہ کتاب میلہ بین الاقوامی ادارے بگ بیڈ وولف بک سیل کی سرپرستی میں ہو گا۔
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بگ بیڈ وولف کے پاکستانی سربراہ اویس اختر بٹ نے بتایا کہ 19 اپریل سے 29 اپریل تک ایکسپو سینٹر میں لگنے والے اس میلے میں لگ بھگ دس لاکھ انگریزی کی کتابیں فروخت کے لیے رکھی جائیں گی۔ پورے گیارہ دن یہ میلہ 24 گھنٹے سجا رہے گا اور کسی بھی اوقات میں جا کر آپ اپنی پسند کی کتابیں خرید سکیں گے۔
اویس اختر بٹ کا کہنا تھا کہ یہاں پر کتابیں رعائتی نرخوں پر فروخت کی جائیں گی اور یہ رعائت پچاس فی صد سے نوے فی صد تک ہوگی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ان میں کوئی بھی کتاب پرانی نہیں ہوگی بلکہ سب نئی کتابیں نئی ہوں گی۔
بگ بیڈ وولف بک سیل کے بانی اینڈریو یاپ نے حال ہی میں لاہور کا دورہ کیا ہے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’لاہور میں بگ بیڈ وولف بک سیل نمائش کا انعقاد ہمارے ویڑن کو حقیقت کا روپ دے گا۔ بگ بیڈ وولف بک سیل کا لاہور میں نمائش کا مقصد یہ ہے کہ کم قیمت کے ساتھ بالکل نئی کتابوں کے ذریعے مطالعہ کے رجحان کو فروغ دیا جائے اور اس خطے میں اس طرح کی کتابوں کی نمایاں طلب ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’انگریزی زبان میں اعلیٰ معیار کی لاکھوں کتابوں کی رسائی کے ساتھ ہمارا عزم یہ ہے کہ یہ نمائش خیالات کو جلا بخشنے، تخلیقی سوچ کو پروان چڑھانے اور پاکستان کی مستقبل کی نسلوں کو بااختیار بنانے میں معاون ہو۔‘
اویس اختر بٹ نے بتایا کہ بگ بیڈ وولف بک سیل نمائش میں ایشیا کے لیے خصوصی طور پر فروخت ہونے والی لٹل ہپو آگمنٹڈ ریالٹی (اے آر) بکس بھی موجود ہوں گی۔ جدید ترین اے آر ٹیکنالوجی کے ذریعے نئی نسل میں مطالعہ کے لیے جدت انگیز طریقہ استعمال کرتے ہوئے بچے لٹل ہپو اے آر بکس کے ذریعے پڑھ، کھیل اور سیکھ سکیں گے۔ لٹل ہپو اے آر بکس یا عام طور پر مشہور جادوئی کتابیں کرداروں کو زندگی بخشتی ہیں جن میں کردار بولتے ہیں اور ناچتے گاتے ہیں جس سے بچے مزید دلچسپی لیکر مطالعہ کرتے ہیں اور سیکھتے ہیں۔ بچوں کی کلاسیک اسٹوریز جیسے سینڈریلا، لٹل ریڈ رائیڈنگ ہوڈ اور گولڈی لاکس اور تھری بیئرز سمیت وسیع رینج دستیاب ہوگی۔
خیال رہے کہ یہ ادارہ سال 2009 میں کوالالمپور میں قائم ہوا اور ایک دہائی کے دوران بگ بیڈ وولف بک سیل نمائش دبئی، جکارتہ، منیلا، کولمبو، بینکاک اور تائی پے سمیت مختلف شہروں میں منعقد ہوچکی ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ اس نمائش کے لیے پاکستان کا انتخاب کیا گیا ہے۔