لندن.... سابق ہندوستانی لیفٹیننٹ جنرل عطا حسنین نے اعتراف کیا ہے کہ آئی ایس پی آر نے ہائبرڈ وار میں آوٹ کلاس کردیا ۔ انفارمیشن جنگ کیسے لڑنی ہے ، یہ ہمیں آئی ایس پی آرسے سیکھنا چاہیے۔ برطانوی تھنک ٹینک انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اسٹر یٹجک اسٹڈیز سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی ایس پی آر کو معلوماتی جنگ کی حکمت عملی پر پورے نمبر دینا چاہتا ہوں۔ روایتی جنگ کا تصور ختم ہو چکا ۔یہ ہائبرڈ وار کا دور ہے۔ اس جنگ میں میڈیا بڑا ہتھیار ہوتا ہے اگر کسی نے سکھایا کہ اطلاعات کے ساتھ کیسے کھیلنا ہے تو وہ آئی ایس پی آر ہے۔ اس نے اپنی کمال حکمت عملی سے نہ صرف کشمیریوں کو ہندوستانی فوج سے متنفر کیا بلکہ ہندوستانی قوم کو بھی فوج سے دور کردیا۔
سابق لیفٹیننٹ جنرل نے کہا کہ امرییکہ نے یہ سیکھنے میں 18 سال لگا دیئے کہ اب روایتی جنگ سے فتح نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ بحیثیت فوجی مجھے پلوامہ جیسے حملے کی توقع تھی۔ جانتا تھا کہ اگر شام، عراق، افغانستان اور پاکستان میں دھماکے ہو سکتے ہیں تو کشمیر میں بھی پلوامہ واقعہ کا قوی امکان تھا ۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر میں نوجوانوں کے ہر روز اٹھتے جنازے وہاں عسکریت پسندی کے عروج کی وجہ ہیں ۔ہندوستانی فوج نے 30 برسوں میں بہت سی ا سٹریٹجک غلطیاں کیں لیکن ایک بڑی غلطی نفسیاتی جنگ کے طور پر فوجی کارروائیوں پر غور کرنا تھا۔طاقت کا استعمال کشمیر کے تنازع کو حل نہیں کرسکتا۔ واضح رہے کہ سابق ہندوستانی لیفٹیننٹ جنرل عطا حسنین کشمیر میں کورکمانڈر رہ چکے ہیں۔