Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

78 فیصد حادثات کی وجہ موبائل کا استعمال، ہلاکتوں میں اضافہ

ریاض:سعودی عرب میں ڈرائیونگ کے دوران موبائل کے استعمال سے ہلاکتیں بڑھ گئیں ۔محکمہ ٹریفک کے ڈائریکٹر میجر جنرل محمد البسامی نے بتایا کہ گزشتہ برس ڈرائیونگ کے دوران موبائل کے استعمال سے 460اموات ہوئیں ۔
گزشتہ برس ہونے والے مجموعی ٹریفک حادثات میں 78فیصد کی وجہ ڈرائیونگ کے دوران موبائل کا استعمال تھا۔ محکمہ ٹریفک نے یہ بھی کہا ہے کہ دنیا بھر میں موبائل کی وجہ سے مجموعی طور پر16لاکھ سے زیادہ ٹریفک حادثات ہوئے۔ گاڑی چلاتے ہوئے اگر ڈرائیور موبائل کا استعمال کرے تو اس کی توجہ بٹ جاتی ہے ۔ اس طرح حادثات کے امکانات خطرناک حد تک بڑھ جاتے ہیں۔
تواصل ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے البسامی نے کہاکہ ڈرائیونگ کے دوران موبائل کا استعمال انتہائی پر خطر ہے ۔ دسیوں حادثات ہو رہے ہیں ۔ 
محکمہ ٹریفک کے اہلکار تمام متعلقہ اداروں کے تعاون واشتراک سے ڈرائیونگ کے دوران موبائل کا استعمال بند کرانے کی مہم چلائے ہوئے ہیں ۔ ایک اندازے کے مطابق ہفتے میں کم از کم 10ٹریفک حادثات دوران ڈرائیونگ موبائل کے استعمال سے ہو رہے ہیں ۔ 
موبائل کے استعمال کے انسداد کی مہم:
سعودی محکمہ ٹریفک نے ڈرائیونگ کے دوران موبائل کے استعمال کی روک تھام کے لئے وسیع پیمانے پر آگاہی مہم چلارکھی ہے۔ اس کے تحت سوشل میڈیا ذرائع کے علاوہ عام شاہراہوں پر اشتہاری بورڈ نصب کئے گئے۔ میڈیا پر بھی اس کی خطرناکی سے آگاہ کیا جاتا ہے۔ ان تمام کوششوں کے باوجود بیشتر ڈرائیور موبائل کا استعمال کرتے ہوئے اپنی اور دوسروں کی جان خطرے میں ڈالتے ہیں۔
موبائل کے استعمال پر جرمانہ:
محکمہ ٹریفک نے ڈرائیونگ کے دوران موبائل کے استعمال کو ٹریفک خلا ف ورزی قرار دیا ہے۔ اس پر500سے 900ریال تک جرمانہ ہے۔ ریاض، جدہ اور دمام کے علاوہ مرکزی ہائی ویز پر خلاف ورزی پکڑنے کے خود کار آلات بھی نصب ہیں۔
 

شیئر: