سائبر سیکیورٹی پر دنیا بھر میں 96ارب ڈالر خرچ
ریاض ۔۔۔ انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کے ماہرین نے بتایا ہے کہ 2030ءتک سعودی عرب میں انٹرنیٹ کی مارکیٹ 28ارب ریال تک پہنچ جائیگی۔
یہ اعدادوشمار ایس ٹی سی کے زیر اہتمام تربیتی پروگرام کے موقع پر بتائے گئے۔ پروگرام میں مختلف مواصلاتی کمپنیوں و اداروں سے منسلک 25صحافی شریک ہوئے۔ ان میں سیٹلائٹ چینلز اور ڈیجیٹل نیوز سے منسلک صحافی شامل تھے۔ فہد الجطیلی نے بتایا کہ دنیا بھر میں انٹرنیٹ کی 54فیصد کمپنیاں سائبرحملوں کا شکار ہوچکی ہیں۔ جن سے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا بنیادی ڈھانچہ اور گوشوارے متاثر ہوئے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے بتایا کہ دنیا بھر کے ممالک سائبر سیکیورٹی پر 2018ءکے دوران 96ارب ڈالر خرچ کرچکے ہیں۔ 2017ءکے دوران انٹرنیٹ پر سائبر حملوں میں 600فیصد اضافہ ہوا۔سب سے زیادہ سائبر حملے چین سے کئے گئے ان کا تناسب 21فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ امریکہ دوسرے نمبر پر رہا جہاں سے سائبر حملے 11فیصد ہوئے۔ برازیل تیسرے نمبر پر رہا جہاں سے 6فیصد سائبر حملے ہوئے۔
الجطیلی نے بتایا کہ 2021ءتک انٹرنیٹ کرائم سے ہونے والے سالانہ نقصانات 6ٹریلین ڈالر تک پہنچ جائیں گے اور سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے ملازمتیں 3.5ملین تک پہنچ جائیں گی۔ سائبر سیکیورٹی کی ملازمتیں پر کرنے کے سلسلے میں مشرق وسطی کو زبردست چیلنج درپیش ہے۔ یہاں سائبر سیکیورٹی کے پیشہ ور افراد کی تعداد بیحد کم ہے۔ توقع یہ ہے کہ آئندہ برسوں کے دوران جی سی سی ممالک میں سائبر سیکیورٹی مارکیٹ 8ارب ڈالر سے تجاوز کر جائیگی۔