Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کنٹرول لائن پر پاک فوج کی جوابی کارروائی،7ہندوستانی فوجی ہلاک

راولپنڈی... پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر ہندوستانی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔ 7 ہندوستانی فوجی ہلاک اور 19 زخمی ہوگئے ۔ آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کاپاکستان کی جانب سے بھرپور جواب دیا گیا ۔ دشمن کی متعدد چوکیاں بھی تباہ ہوگئیں۔قبل ازیں لائن آف کنٹرول پر راولا کوٹ سیکٹرمیں ہندوستانی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے 3 اہلکار جاں بحق ہوئے تھے ۔ صوبیدار محمد ریاض ، لانس نائیک حولدار عزیز اللہ اور سپاہی شاہد منصب شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونیوالے پاکستانی جوانوں کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا ۔ بیان میں کہا گیا کہ کنٹرول لائن پر ہندوستانی فوج کی اشتعال انگیزیاں جاری ہیں۔ منگل کو بھی کھوئی رٹہ سیکٹر میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا۔ ہندوستانی گولہ باری سے 18 سالہ نوجوان جاں بحق اور 3 خواتین زخمی ہوگئیں۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ فروری میں دونوں ممالک کے درمیان فضائی جھڑپوں کے بعد لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کا یہ بڑا واقعہ ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کنٹرول لائن پر ہندوستانی فورسز کی جانب سے شہری آباد ی کو نشانہ بنانے کی مذمت کی ہے۔

شیئر: