Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’یوکرین کے صدارتی امیدوارکا ڈرگ ٹیسٹ‘

یوکرین میں صدارتی الیکشن کے آخری مرحلے سے قبل دونوں امیدوار اپنے خون کا تجزیہ کرانے لیبارٹری پہنچے ہیں تاکہ اپنے ووٹرز کو یہ بتا سکیں کہ وہ کوئی نشہ نہیں کرتے ۔ 
دونوں صدارتی امیدوار ایک ہفتہ سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیوز میں ایک دوسرے پر طنزیہ حملے کرنے کے بعد پالیسی امور پر بات کرنے کے لیے ایک براہ راست مذاکرے پر راضی ہوئے ۔ 
الیکشن میںموجودہ صدر پٹرو پوروشنکو کا مقابلہ امیدوار ولودمیر زیلنسکی سے ہے جن کا کوئی سیاسی پس منظر نہیں ۔ 
ولودمیر زیلنسکی کامیڈین ہیں اور ایک ٹی وی سیریز میں تخیلاتی صدر کا کردار ادا کرتے ہیں ۔ 
صدارتی الیکشن کا اگلا مرحلہ 21اپریل کو ہونا ہے ۔ گذشتہ اتوار کو منعقد ہونے والے پہلے مرحلے میں دونوں امیدواروں میں سے کوئی بھی اکثریت حاصل نہ کر سکا تھا ۔ 
صدر پوروشنکو نے اپنے مخالف زیلنسکی کو پالیسی امور پر مذاکرے کا چیلنج دیا تھا جس کو قبول کرتے ہوئے کامیڈی اداکار ی کرنے والے امیدوار نے مطالبہ کیا تھا کہ پہلے دونوں اپنے خون کا تجزیہ کرائیں گے کہ وہ نشہ تو نہیں کرتے ۔ 
جمعہ کو41سالہ زیلنسکی نے فیس بک لائیو کے ذریعے دکھایا کہ وہ ایک نجی لیبارٹری میں اپنے خون کا تجزیہ کرا رہے ہیں۔ 
تجز ئیے کے لئے خون دینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدارتی امیدوار زیلنسکی نے کہا کہ ’میں نے بلڈ ٹیسٹ کرایا ہے، انہوں نے مجھ سے ہر قسم کے ٹیسٹ کے لئے خون لیا۔ شکر ہے کہ مجھ میں بہت خون ہے، اور یہ جوان خون ہے۔‘
ادھر 53سالہ صدر پوروشنکو نے بھی اپنے خون اور بالوں کے نمونے تجزیے کے لئے د ئیے ۔ ٹی وی چینلز پر دکھائے گئے مناظر میں صدر پیرامیڈیکل سٹاف کو تجزیے کے لئے خون دے رہے ہیں ۔ 
دارالحکومت کیﺅمیں سرکاری اسپتال کے سربراہ ڈاکٹر ولودمیریارے نے بتایا کہ’ خون اوربالوں کے نمونے چار مختلف لیبارٹریوں کو بھیجے گئے اور ابتدائی نتائج کے مطابق کوئی ایسا مواد نہیں پایا گیا جو ذہن کو متاثر کرتا ہو ۔ ‘
خون دینے کے بعد صدر پوروشنکونے میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ’زیلنسکی میں اتنا حوصلہ نہیں تھا کہ وہ چیلنج قبول کرتے ہوئے میرے ساتھ یہاں اسٹیڈیم میں اپنے خون کا تجزیہ کراتے۔‘
پوروشنکو نے کہا کہ وہ یہاں نہیں آئے لیکن امید ہے کہ وہ پالیسی مذاکرے کا چیلنج قبول کرکے یہاں آئیں گے۔
خیال رہے کہ بدھ کو صدارتی امیدوار زیلنسکی نے صدر پوروشنکوکا مذاکرے کا چیلنج قبول کیا تھا مگر اس کے لئے اپنی شرائط عائد کی تھیں جن میں سے ایک یہ بھی تھی کہ مذاکرہ فٹبال اسٹیڈیم میں ہونا چاہیے ۔ 
 زیلنسکی نے اسٹیڈیم میں بلڈ ٹیسٹ نہ کرانے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ’وہاں کوئی لیبارٹری نہیں ہے، اور 
یہ ایک عجیب دعوت تھی کہ اسٹیڈیم میں خون کا تجزیہ کرایا جائے۔‘
پوروشنکو نے تازہ ویڈیو میں اپنے مخالف امیدوار سے کہاہے کہ ’آجاو، میں تمہارا انتظار کر رہاہوں۔ ہم نے اسٹیڈیم میں مذاکرے پر اتفاق کیا تھا۔‘
 

شیئر: