کراچی...وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہمیں خان صاحب سے کنٹینر چاہیئے نہ ہی کھانا۔ عمران خان اپنے نکلنے کا انتظام کریں۔
کراچی میں شاہ عبدالطیف بھٹائی قومی کانفرنس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم اپنی خیر منائیں جب زرداری اسلام آباد آمد کا اعلان کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ تھرکول منصوبے اور انفراسٹرکچر پر اس وقت تقریبا ایک ارب کے قریب خرچ کرچکے۔ٹرانسمیشن لائن بچھانے اور بجلی خریدنے کیلئے وفاق کی شرط تھی کہ بجلی کی پیداوار کو نیشنل گرڈ سے منسلک کیا جائے۔ سندھ ہمیشہ پاکستان کی خدمت کرتا رہا ہے۔تھر کول سے بجلی پیدا کرنے کا وعدہ بینظیر بھٹو نے 1994 کیا تھا۔ جب وقت قریب آیا تو انکی حکومت کو ختم کردیا گیا اور منصوبہ مکمل بھی نہیں کرنے دیا۔ بےنظیر کا خواب پورا کرنے جارہے ہیں اور یہی منصوبہ پاکستان کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے میں معاون ثابت ہوگا ۔
وزیراعلی سندھ نے کہا کہ سندھ کے گیس، بجلی اور دیگر وسائل پر ڈاکے لگ چکے اب کو ئلے پر بھی لگائے جارہے ہیں۔
وفاق کی جانب سے سندھ کو پیکیج دینے سے متعلق سوال پر انہوں نے بتایا کہ مجھے آپ لوگ ہی بتائیں کہ 162 ارب روپے کہاں خرچ ہوئے۔ کوئی ایک منصوبہ ہی بتائیں۔ مجھے تو بتایا نہیں گیا۔