Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حمزہ شہباز کو 17اپریل تک گرفتار نہ کیا جائے،عدالت

پاکستان کے صوبہ پنجاب کی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کو لاہور ہائیکورٹ نے نیب کے مقدمے میں دی گئی ضمانت میں توسیع فراہم کی ہے ۔ 
پیر کو لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس ملک شہزاد احمد خان اورجسٹس مرزا وقاص رؤف پر مشتمل ڈویژن بنچ نے درخواست کی سماعت کی۔ 
 
لاہور میں اردو نیوز کے نامہ نگار رائے شاہنواز کے مطابق عدالت نے نیب سے کہا ہے کہ حمزہ شہباز کو 17 اپریل تک گرفتار نہ کیا جائے۔ عدالت نے حمزہ شہباز کو ایک کروڑ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔ 
حمزہ شہباز نے سنیچر کو لاہور ہائیکورٹ سے عبوری ضمانت کے لیے اس وقت رجوع کیا تھا جب  احتساب کے قومی ادارے نیب کے اہلکار ان کی رہائش گاہ کے باہر گرفتاری کے وارنٹ لے کر پہنچے تھے ۔ 
عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعدنیب کو حمزہ شہباز کی گرفتاری سے دو دن کے لیے روک دیا تھا۔ 
پیر کو لاہور ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ کے سامنے نیب کے پراسیکیوٹر نے اپنے دلائل میں کہا کہ حمزہ شہباز کے خلاف تین نیب ریفرنس زیر سماعت ہیں۔ 
حمزہ شہباز کے وکیل نے عدالت سے کہا کہ ’نیب ہمیں شواہد دے، ہم جواب دیں گے۔‘ 
 

شیئر: