مصری گلوکارہ شیرین عبدالوہاب ریاض میں پرفارم کریں گی
جمعرات 18 اپریل 2019 3:00
مصر کی معروف گلوکارہ شیرین عبدالوہاب پہلی مرتبہ ریاض میں پرفارمنس کریں گی۔سعودی عرب کے جنرل تفریحی بورڈ کی فنی کمیٹی نے گلوکارہ کے ساتھ حتمی معاہدہ کرلیا۔
وہ سنیچر 27اپریل کو دارالحکومت ریاض کے ہلٹن ہوٹل میں اپنے فن کا مظاہرہ کریں گی جس کے لیے بورڈ نے پروگرام کے پوسٹر جاری کردیے ہیں۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق فنی کمیٹی کی جانب سے پوسٹر عربی کے علاوہ انگریزی میں بھی جاری کیے گئے ہیں۔
فنی کمیٹی کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ شیرین عبدالوہاب کا شہرہ صرف عربوں تک محدود نہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ انھوں نے انگریزی میں بھی پوسٹر جاری کیے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ’ہمیں امید ہے کہ سعودی شہریوں کے علاوہ مملکت میں مقیم عرب اور دیگر کمیونٹی کے لوگ بھی اس پروگرام میں شرکت کریں گے۔‘
پروگرام انتظامیہ نے کہا ہے کہ شیرین عبدالوہاب کے پروگرام کو بہترین انداز میں منظم کیا جائے گا۔ تفریحی بورڈ نے شیرین عبدالوہاب کو بلا کو سعودی شہریوں کے علاوہ مقیم غیر ملکیوں کے لیے بھی خوبصورت اور بہترین تفریح کا اہتمام کیا ہے۔
پروگرام میں شرکت کے خواہشمند آن لائن کے علاوہ مختلف مالز میں اس حوالے سے ٹکٹیں خرید سکتے ہیں۔
شیرین عبدالوہاب کون ہیں؟
شیرین عبدالوہاب مصر کی معروف گلوکارہ ہیں۔ جنہیں نوجوانوں کی نمائندہ گلوکارہ کہا جاتا ہے۔ انہوں نے اپنے فن کا آغاز سنہ2002 میں کیا تھا اور دیکھتے ہی دیکھتے شہرت کی بلندیوں کو چھو لیا۔
اب تک انہوں نے سیکڑوں مقبول البم اور وڈیو زجاری کی ہیں۔ گذشتہ دنوں بحرین میں ہونے والے کنسرٹ کے دوران مصری حکومت پر تبصرہ انہیں مہنگا پڑ گیا۔ واپسی پر انہیں گرفتاری کا خدشہ تھا تاہم انہوں نے صدر السیسی سے درگزر کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ انکا تبصرہ ہنسی مذاق کے علاوہ کچھ نہیں تھا۔