کرکٹ ورلڈ کپ سکواڈ: افغانستان کی امیدیں سپن اٹیک سے وابستہ
افعانستان نے اگلے مہینے سے انگلینڈ میں شروع ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔
ورلڈ کپ میں افغان سائیڈ کے سپن اٹیک کی سربراہی آل راونڈر محمد نبی اور راشد خان کی جوڑی کرے گی۔
افغان کرکٹ بورڈکے مطابق ٹیم کی قیادت فاسٹ بولر گلبدین نائب کریں گے۔
افعانستان کے سپن اٹیک میں محمد نبی اور راشد خان کے علاوہ 18 سالہ مجیب الرحمن کو بھی شامل کیا گیا ہے جنہیں ’پراسرار سپنر‘ کہا جاتا ہے۔
فٹنس مسائل کی وجہ سے 2017 ءسے ٹیم سے باہر رہنے والے فاسٹ بولر حامد حسن کی واپسی ہوئی ہے۔ ورلڈ کپ سکواڈ میں فاسٹ بولر دولت زردان اور آصف عالم بھی شامل ہے۔
خیال رہے گلبدین نائب کو اس مہینے کے شروع میں اصغرافغان کی جگہ ٹیم کا کپتان بنایا گیا تھا۔ اصغر افغان کو بھی ورلڈ کپ کی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ دولت خان احمدزئی کا کہنا ہے کہ 'ورلڈ کپ کے لیے ہم نے کامیاب، تجربہ کار اور متوازن ٹیم منتخب کی ہے'
افغان ٹیم کے اکثر کھلاڑی جنوبی افریقہ میں قائم کیمپ میں ٹریننگ کر رہے ہیں جبکہ ٹیم کے سپنرز انڈین پریمیئر لیگ کھیل رہے ہیں۔
افغانستان کے کرکٹرز پاکستان کے مہاجر کیمپوں میں کھیل کر کرکٹ سیکھ چکے ہیں جہاں ان کے والدین سوویت یونین کے افغانستان پر حملے کے بعد جاکر بس گئے تھے۔
افغان ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے: گلبدین نائب (کپتان)،آفتاب عالم، اصغر افغان، دولت زردان، حامد حسن ، حشمت اللہ شاہدی، حضرت اللہ زازی، محمد نبی، محمد شہزاد ،مجیب الرحمن،نجیب اللہ زردان، نور علی زردان، رحمت شاہ،راشد خان اور سمیع اللہ شنواری۔