Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شعیب ملک کی انگلینڈ سے اچانک واپسی

دورہ انگلینڈ اور ورلڈ کپ کے لیے انگلینڈ میں موجود پاکستان کرکٹ ٹیم کی انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ آل راؤنڈر شعیب ملک کی وطن واپسی اجازت کے بعد ہوئی ہے۔
پیر کے روز جاری بیان میں ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ شعیب ملک کچھ ذاتی مسائل کی وجہ سے پاکستان آنا چاہ رہے تھے۔ وہ ٹیم انتظامیہ کی اجازت سے وطن واپس پہنچے ہیں اور 10 مئی سے قبل واپس انگلینڈ پہنچ کر قومی ٹیم کا حصہ بن جائیں گے۔
کرکٹ بورڈ نے معاملے پر مزید تبصرہ کئے بغیر تمام متعلقہ افراد سے توقع کی ہے کہ وہ شعیب ملک کے ذاتی معاملات کا احترام کریں گے۔
ایک حالیہ بیان میں 37 سالہ شعیب ملک کا کہنا تھا کہ وہ عالمی کپ جیت کر اپنے کرکٹ کیریئر کو یادگار بنانا چاہتے ہیں۔
کرکٹ ورلڈ کپ سے قبل پاکستانی ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف پانچ ایک روزہ اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنا ہے۔ پاکستان اور  انگلینڈ کے درمیان واحد ٹی ٹوئنٹی میچ 5 مئی کو کھیلا جانا ہے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان پہلا ایک روزہ میچ 8 مئی کو اوول میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا اختتام 19 مئی کو ہو گا جبکہ پاکستان ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گا۔
 ورلڈ کپ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم بنگلہ دیش اور افغانستان کے ساتھ پریکٹس میچز بھی کھیلے گی۔
 پاکستان اور نارتھمپٹن شائر کے درمیان آج پریکٹس میچ بھی کھیلا جا رہا ہے۔ اس سے قبل پاکستانی ٹیم نے کینٹ کاؤنٹی کے خلاف پریکٹس میچ میں کامیابی حاصل کی تھی۔

شیئر: