Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 جنوبی پنجاب صوبے کا بل آج اسمبلی میں پیش کرینگے،شاہ محمود

    ملتان...وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پیر کو قومی اسمبلی میں جنوبی پنجاب صوبے کا بل پیش کریں گے۔
 خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے دعوی کیا کہ مسلم لیگ (ن) جنوبی پنجاب صوبہ نہیں چاہتی، وہ بہاولپور اور جنوبی پنجاب صوبہ میں عوام کو تقسیم کررہی ہے۔ اسپیکر سے درخواست کریں گے کہ رولز معطل کرکے جنوبی پنجاب صوبے کے بل پر بحث کی جائے۔ 

    

انہوںنے یہ بھی کہا کہ مالیاتی خسارہ اتنا بڑھ گیا تھا کہ خطرے کی گھنٹیاں بجنا شروع ہوگئیں تھیں۔پی ٹی آئی حکومت میں آئی تو پتا چلا کہ معیشت کی کیا حالت ہے۔ (ن) لیگ کے دور میں تیل پر 56 فیصد جی ایس ٹی تھا لیکن ہم نے 17 فیصد کیا۔ سابق دور میں ڈالر کو مصنوعی طور پر نیچے رکھ کر وقتی طور پر کام چلایا گیا۔ روپیہ گرنے اور ڈالر بڑھنے کا اثر عوام پر آرہا ہے۔مشکل حالات ہیں اس میں کوئی شک نہیں۔
    وزیر خارجہ نے کہا کہ کچھ قوتیں پاکستان میں استحکام اور سی پیک منصوبہ آگے بڑھتا دیکھنا نہیں چاہتیں۔ انڈیا پاکستان پر الزام لگاتا ہے لیکن پاکستان غیر ذمہ دارانہ گفتگو نہیں کرنا چاہتا۔ اسلام آباد بلاتحقیق بات نہیں کرے گا۔ ٹھوس شواہد ہوں گے تو نشاندہی کریں گے۔
    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ برطانوی دارالعوام اور عالمی اداروں کے مطابق کشمیر کی صورتحال انڈیاکے کنٹرول سے نکل رہی ہے۔ نئی دہلی میں بی جے پی آئے یا کانگریس، دونوں میں انیس بیس کا فرق ہے۔حالات ایسے ہیں کہ انڈیا کو مذاکرات کی میز پر آنا ہی پڑے گا۔انہوںنے کہاکہ چین کے نائب صدر 26 مئی کو پاکستان آرہے ہیں۔پاکستان کا چین کے ساتھ زراعت پر معاہدہ ہورہا ہے۔
    وزیرخارجہ نے چینی شہریوں کی پاکستانی لڑکیوں سے شادی سے متعلق کہا کہ چینیوں کی پاکستان کی لڑکیوں سے شادیوں سے متعلق گمراہ کیا جا رہا ہے۔
 

شیئر: