پاکستانی ورلڈ کپ سکواڈ: محمد عامر اور وہاب ریاض کی واپسی
پاکستانی ورلڈ کپ سکواڈ: محمد عامر اور وہاب ریاض کی واپسی
پیر 20 مئی 2019 3:00
پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضام الحق نے ورلڈ کپ سکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ محمد عامر، آصف علی اور وہاب ریاض کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
پیر کو لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ دورہ انگلینڈ کے سکواڈ میں ورلڈ کپ کے لیے تین تبدیلیاں کرتے ہوئے عابد علی، جنید خان اور فہیم اشرف کو ڈراپ کیا گیا ہے۔
اںضمام الحق کہنا تھا کہ محمد عامر اور وہاب ریاض تجربہ کار بولرز ہیں اور دورہ انگلینڈ میں حالیہ کارکردگی کے بعد ان دونوں بولرز کو ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
چیف سیلیکٹر نے کہا کہ ٹیم میں مجموعی طور پر چار تبدیلیاں کی گئی ہیں ۔ ’فہیم اشرف، جنید خان، عابد علی کو ڈراپ کر دیا گیا ہے اور ان کی جگہ محمد عامر، آصف علی اور وہاب ریاض کو شامل کیا گیا ہے ۔ صحت مند ہونے کے بعد شاداب خان بھی یاسر شاہ کی جگہ ٹیم کو جوائن کر چکے ہیں۔‘
انضمام الحق نے کہا کہ شاداب خان کو ڈاکٹروں نے کھیلنے کے لیے فٹ قرار دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عابد علی کو ڈراپ کرنا آسان فیصلہ نہیں تھا۔
نوجوان فاسٹ بولر محمد حسنین کے بارے میں انضمام الحق نے کہا کہ وہ تیز رفتار بولنگ کرواتے ہیں اور ورلڈ کپ میں موثر ثابت ہو سکتے ہیں۔
ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی سکواڈ:
سرفراز احمد (کپتان اور وکٹ کیپر)، امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، حارث سہیل، آصف علی، محمد حفیظ، حسن علی، عماد وسیم، شعیب ملک، محمد عامر، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، محمد حسنین اور وہاب ریاض۔
چیف سیلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ ’انگلینڈ میں ہونے والی حالیہ سیریز کے نتائج کے بعد ہم نے محسوس کیا کہ اگر اسی ٹیم میں ’تجربہ‘ شامل کیا جائے تو بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے، یہی وجہ ہے کہ محمد عامر، وہاب ریاض، شعیب ملک کو شامل کیا گیا کیونکہ وہ بین الاقوامی اور خصوصاً انگلینڈ کی پچز کا تجربہ رکھتے ہیں۔‘
انضمام الحق کا مزید کہنا تھا کہ اگرچہ حالیہ انگلینڈ سیریز میں پاکستان کا رزلٹ زیادہ اچھا نہیں رہا تاہم اتنا برا بھی نہیں ہے کیونکہ پوری سیریز میں تقریباً 28 سو رنز بنے جن میں سے ساڑھے 13 سو پاکستان کی طرف سے تھے . ’اس لیے بیٹنگ کے میدان میں رزلٹ بہتر ہے تاہم فیلڈنگ بہتر ہوتی اور کیچز ڈراپ نہ ہوتے تو کچھ میچز کا نتیجہ مختلف ہو سکتا تھا۔ اس لیے ہماری کوشش ہے کہ آگے ایسی غلطیاں نہ ہوں۔‘
محمد عامر کی ٹیم میں شمولیت اور کارکردگی
محمد عامر حالیہ دورہ انگلینڈ کے دوران بیماری کے باعث کوئی ایک میچ بھی نہیں کھیل سکے ۔
سنہ 2017 کی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل کے بعد سے محمد عامر آوٹ آف فارم ہیں اور گذشتہ پندرہ میچز میں صرف پانچ وکٹیں ہی حاصل کر پائے ہیں۔
بائیں ہاتھ سے بولنگ کرنے والے 27 سالہ محمد عامر 13اپریل 1992 کو صوبہ پنجاب کے شہر گوجر خان میں پیدا ہوئے اور اپنے کرکٹ کیریئر کا آغاز سنہ 2007 میں کیا۔
محمد عامر کو 2010 میں میچ فکسنگ کا مرتکب قرار دیتے ہوئے سزا سنائی گئی تھی، جس کے تحت ان پر پانچ برس کے لیے کرکٹ کھیلنے پر پابندی لگا دی گئی تھی تاہم چار برس کے بعد انہیں کھیلنے کی اجازت دے دی گئی تھی۔
محمد عامر نے51 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 32.85 کی اوسط سے کل 60 وکٹیں لیں ۔
ٹیم میں شامل کیے جانے والے بائیں ہاتھ کے گیند باز وہاب ریاض نے 79 ایک روزہ انٹرنیشنل میچوں میں 102 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں ۔
33 سالہ وہاب ریاض نے فروری سنہ 2008 میں زمبابوے کے خلاف شیخوپورہ میں کھیلے جانے والے ون ڈے انٹرنیشنل سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
آصف علی کی شمولیت:
ورلڈ کپ کے لیے ٹیم میں شامل کیے جانے والے بلے باز آصف علی نے انگلینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی حالیہ سیریز میں دو نصف سینچریاں سکور کی۔
دوسرے ون ڈے میں آصف علی نے 36 گیندوں پر 52 رنز کی تیز اننگز کھیلی اور پاکستان کو جیت کے قریب لانے میں اہم کردار ادا کیا۔ آصف علی اپنے ون ڈے کیرئیر کے 16 میچوں میں 31.09 کی اوسط سے 342 رنز سکور کر چکے ہیں۔
خیال رہے ورلڈ کپ مقابلوں کا آغاز 30مئی سے ہوگا، افتتاحی میچ انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان 30 مئی کو کھیلا جائےگا،جبکہ پاکستانی ٹیم اپناپہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف 31 مئی کو کھیلے گی۔پاکستان کا روایتی حریف بھارت سے مقابلہ 16 جون کو ہوگا، ورلڈکپ 2019 کا فائنل 14 جولائی کو کھیلا جائے گا۔