آصف علی اتوار کو اپنی بیٹی کے وفات پر انگلینڈ سے واپس آئے تھے تصویر: اے ایف پی
پاکستان کرکٹ ٹیم کے غمزدہ کھلاڑی آصف علی اپنی بیٹی کے جنازے کے بعد کرکٹ ورلڈ کپ 2019 میں شرکت کے لیے انگلینڈ روانہ ہوگئے ہیں۔
سنیچر کو انگلینڈ جاتے ہوئے مڈل آرڈر بیٹسمین آصف علی کا کہنا تھا کہ ان کی 19 ماہ کی بیٹی دعا فاطمہ ان کے لیے طاقت اور ہمت بڑھانے کا ذریعہ رہیں گی۔
گذشتہ اتوار اپنی بیٹی کی وفات پر کرکٹر آصف علی انگلینڈ سے واپس آئے تھے۔
خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق ان کی بیٹی کو کینسر کا عارضہ لاحق تھا اور ان کا علاج امریکہ میں ہورہا تھا۔
19 ماہ کی دعا فاطمہ کو پنجاب کے شہرفیصل آباد میں سپرد خاک کیا گیا تھا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں 27 سالہ آصف علی کا کہنا تھا کہ ’میں دعا فاطمہ کو ایک جنگجو کے طور پر یاد رکھنا چاہتا ہوں، وہ میری طاقت اور ہمت کا ذریعہ ہے، اس کی یادیں ہمیشہ میرے ساتھ رہیں گی۔‘
انہوں نے اپنے ٹویٹ میں مزید کہا کہ ’میں دوبارہ آپ لوگوں سے درخواست کروں گا کہ میری شہزادی کی روح کے لیے دعا کریں، میرے غم میں شریک ہونے کے لیے میں پھر سے آپ لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔‘
مڈل آرڈر بیٹسمن آصف علی کا نام ورلڈ کپ کے لیے ابتدائی سکواڈ میں نہیں آیا تھا تاہم انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ میچوں میں دو سنچریاں کرنے کے بعد ان کو ورلڈ کپ کے سکواڈ میں شامل کیا گیا۔
پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف سیریز میں شکست کا سامنا ہوا تھا۔
اتوار کو کارڈف میں ورلڈ کپ کے لیے بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے وارم اپ میچ میں آصف علی حصہ لیں گے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لیے مڈل آرڈر بیٹسمن آصف علی نے مداحوں سے درخواست کی ہے کہ ’ پاکستان کرکٹ ٹیم کو آپ لوگوں کی دعاؤں اور غیر مشروط حمایت کی ضرورت ہے۔‘