Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

باکسر عامر خان کی عمران خان کو باکسنگ میچ دیکھنے کی دعوت

پاکستان نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے سعودی عرب کے شہر جدہ میں انڈین حریف سے ہونے والا باکسنگ مقابلہ دیکھنے کے لیے وزیراعظم عمران خان کو دعوت دی ہے۔
ورلڈ باکسنگ کونسل کے زیر اہتمام عامر خان اور انڈین باکسر نیرج گویت کے درمیان پرل والٹر ویٹ مقابلہ سعودی عرب کے شہر جدہ میں 12 جولائی کو ہوگا۔
عامر خان کے تشہیری ٹوئٹر اکاونٹ نے وزیراعظم عمران خان کے ساتھ بین الاقوامی باکسر اور ان کی اہلیہ کی تصویر شائع کی ہے۔
ٹویٹ میں لکھا ہے کہ انڈین باکسر نیرج گویت کے خلاف مقابلے کے لیے عامر خان نے وزیراعظم عمران خان کو سعودی عرب آنے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا ہے۔

انڈین باکسر نیرج گویت اور عامر خان کا لندن میں مقابلے کے اعلان کے بعد پوز

تاہم وزارت خارجہ کے حکام کی جانب سے اس پیشکش اور اسے قبول کرنے سے متعلق اطلاعات سامنے نہیں آئیں جس کی وجہ سے وزیراعظم عمران خان کے سعودی عرب جانے یا نہ جانے کی تصدیق نہیں ہوسکی۔
عامر خان کا کہنا تھا کہ وہ اس فائٹ کو برطانیہ کے لیے نہیں بلکہ پاکستان کے لیے جیتیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان تناؤکی وجہ سے ان کا انڈین فائٹر کے ساتھ ہونے والا مقابلہ دلچسپ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ میں پیشہ ور باکسر ہوں تاہم پاکستان اور انڈیا کے درمیان کرکٹ، باکسنگ اور دیگر کھیلوں کے مقابلے ہونے چاہییں۔
واضح رہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان اپنا پانچواں میچ 16جون کو انڈیا کے خلاف کھیلے گا۔ 

شیئر: