Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تنازع ختم، مہندر سنگھ دھونی نے نئے گلوز پہن لیے

آسٹریلیا کے خلاف میچ میں دھونی نئے گلوز پہن کر آئے۔ فوٹو: روئٹرز
انڈین کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر ایم ایس دھونی نے آسٹریلیا کے خلاف میچ میں نئے وکٹ کیپنگ گلوز پہن کر اٹھنے والے تنازع کو خاموشی سے ختم کر دیا ہے۔
سابق انڈین کرکٹ کپتان دھونی کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پانچ جون کو جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں خنجر کے نشان والے وکٹ کیپنگ گلوز پہننے کے بعد آئندہ کے لیے روک دیا تھا جس کے بعد انڈیا میں اس پر سخت ردعمل سامنے آیا تھا۔
اتوار کو آسٹریلیا کے خلاف میچ میں جب ایم ایس دھونی کیپنگ کرنے کے لیے میدان میں اترے تو انہوں نے نئے گلوز پہن رکھے تھے جن پر کوئی نشان نہیں تھا۔
آئی سی سی کے مطابق دھونی نے ’کٹ اور کرکٹ سامان‘ کے حوالے سے بنائے گئے ضابطے کی خلاف ورزی کی تھی۔
خیال رہے کہ ایم ایس دھونی انڈین آرمی کے پیراشوٹ رجمنٹ میں اعزازی لیفٹیننٹ کرنل ہیں۔ ان کے گلوز پر بنے خجنر کے نشان کو رجمنٹ کی علامت کے طور پر دیکھا گیا۔
انڈیا کے کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کا اعتراض سامنے آںے کے بعد عالمی کرکٹ کونسل سے درخواست کی تھی کہ ’کیا اس معاملے پر لچک دکھائی جا سکتی ہے تاکہ دھونی خنجر کے نشان والے گلوز پہن کر کھیلنا جاری رکھ سکیں۔‘
آئی سی سی نے انڈیا کی درخواست مسترد کرتے ہوئے وضاحت کی تھی کہ دھونی نے ضابطے کی دو شقوں کی خلاف ورزی کی۔ ’پہلی یہ کہ ذاتی پیغامات دکھائے اور دوسرا ان کے گلوز پر لوگو سے متعلق ہے۔‘
یاد رہے کہ انڈیا میں سوشل میڈیا کے صارفین نے دھونی کے گلوز پر خنجر کے نشان کو بلیدان قرار دیا تھا جو مذہبی علامت کے طور پر رائج ہے۔

شیئر: