سعودی عرب: ایئر پورٹ پر حوثیوں کے میزائل حملے میں 26 افراد زخمی
سعودی عرب: ایئر پورٹ پر حوثیوں کے میزائل حملے میں 26 افراد زخمی
بدھ 12 جون 2019 3:00
سعودی عرب کی قیادت میں اتحادی فوج کے ترجمان بریگیڈئیر ترکی المالکی کی فائل فوٹو
سعودی عرب کی قیادت میں اتحادی فوج کے ترجمان بریگیڈئیر ترکی المالکی نے کہا ہے کہ یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے ابھا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو میزائل سے نشانہ بنایا گیا ہے جس میں تین خواتین سمیت 26 افراد زخمی ہو ئے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی نے بریگیڈئیر المالکی کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے کہا ہے کہ میزائل حملے سے ہوائی اڈے کے ڈیپارچر لاﺅنچ کا ایک حصہ متاثر ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ زخمی ہونے والی خواتین میں انڈین، یمنی اور سعودی شہری شامل ہیں۔ زخمیوں میں سے آٹھ کو ہسپتال داخل کیا گیا ہے جبکہ دیگر کو طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا۔
بریگیڈئیر المالکی نے بتایا کہ داغے جانے والے میزائل کے بارے میں حتمی طور پر ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ ’عسکری ادارے میزائل کے معائنہ کے بعد تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔‘
حوثی باغیوں کے میڈیا نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھا ایئرپورٹ پر ’کروز‘ میزائل سے حملہ کیا گیا جو عین نشانے پر لگا۔
بریگیڈئیر المالکی نے مزید کہا کہ ’جدید ترین اسلحہ کے ذریعے سعودی عرب کو نشانہ بنانا اس امر کی واضح دلیل ہے کہ باغیوں کو ایران سے مسلسل کمک اور اسلحہ کی فراہمی جاری ہے جو امن کونسل کے قانون کی شق 2216 اور 2231 کی صریح خلاف ورزی ہے۔‘
واضح رہے منگل کو بھی حوثی باغیوں کی جانب سعودی عرب کے جنوبی شہر خمیس مشیط کو ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی جسے شاہی فضائیہ نے ناکام بناتے ہوئے 2 ڈرونز تباہ کر دیے تھے۔