Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیس بُک کا کنسورشیم، کرپٹو کرنسی اب متبادل کرنسی بن سکے گی

حکومت اور مالیاتی اداروں کی منظوری کے بعد فیس بُک منگل سے نئے منصوبے کا اعلان کر رہا ہے جس کے بعد کرپٹو کرنسی کو بھی ادائیگیوں کے لیے قبول کیا جا سکے گا۔
امکان ہے کہ اس موقع پر سماجی رابطوں کی سب سے بڑی ویب سائٹ کی جانب سے آئندہ برس ورچوئل کرنسی متعارف کرائے جانے کی تفصیل سامنے آ سکتی ہے۔ فیس بک کو امید ہے کہ اس اقدام سے بٹ کوائن جیسی دیگر بلاک چین ٹیکنالوجیز کو لاحق غیر یقینی ختم ہو سکے گی۔
وال سٹریٹ جرنل کے مطابق فیس بک لبرا کے نام سے کنسورشیم قائم کر رہا ہے جس میں ویزا، ماسٹر کارڈ، پے پال اور اوبر سمیت ایک درجن سے زائد ادارے شامل ہوں گے۔
رپورٹس کے مطابق ٹیلی کیمونیکیشن اداروں اور سرمایہ کاروں کے ساتھ مل کر یہ کنسورشیم منصوبہ میں 10 ملین ڈالرز فی ادارہ سرمایہ کاری کرے گا۔

فیس بک کی جانب سے کرپٹو کرنسی کا منصوبہ آن لائن خریداری، ایپلیکیشنز اور گیمنگ کے لیے سہولتیں فراہم کرے گا

امریکی اخبار کے مطابق کنسورشیم کے ذریعے ورچوئل کرنسی کو بھی صارفین کا ویسا اعتماد دلانے کی کوشش کی جائے گی جیسا وہ ڈالر اور یورو وغیرہ جیسی روایتی کرنسیوں پر کرتے ہیں۔
بی بی سی کی جانب سے گذشتہ ماہ شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ فیس بک نے معاملے پر امریکی محکمہ خزانہ اور بینک آف انگلینڈ سے رہنمائی حاصل کر لی ہے۔
جرائم پیشہ افراد کی جانب سے ورچوئل کرنسیوں سے فائدہ اٹھا سکنے اور ان کی قدر میں تیزی سے ہونے والے اتار چڑھاؤ سے صارفین کو ممکنہ نقصان کے سبب مالیاتی انتظام کے ذمہ دار ادارے کرپٹو کرنسیز کے معاملہ پر خاصے محتاط رہے ہیں۔
چینی ویب سائٹ وی چیٹ کے انداز کار کو اپناتے ہوئے واٹس ایپ، انسٹاگرام صارفین سمیت دو ارب صارف رکھنے والا فیس بک کرپٹو کرنسیوں کو ان مشکلات سے باہر لانے کی استعداد رکھتا ہے۔
وی چیٹ اپنے صارفین کو یہ موقع دیتا ہے کہ وہ پلیٹ فارم سے باہر کسی دوسری سائٹ پر جائے بغیر گیمز کھیلنے کے علاوہ خریداری بھی کر سکیں۔ اس  طریقہ پر عمل کی وجہ سے چینی پلیٹ فارم ناصرف زیادہ آمدن حاصل کرتا ہے بلکہ اس کا صارف بھی پلیٹ فارم سے گہرا تعلق محسوس کرتا ہے۔

فیس بک کے سربراہ مارک زکربرگ نے کہا ہے کہ یہ حکمت عملی چھوٹے گروپس، ادائیگیوں اور ذاتی پیغامات کو مدنظر رکھ کر بنائی گئی ہے

پرائیویسی مسائل کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنے والے فیس بک کے سربراہ مارک زکربرگ یہ وعدہ کر چکے ہیں کہ وہ ایسی حکمت عملی اختیار کریں گے جو چھوٹے گروپس، ادائیگیوں اور ذاتی پیغامات کو مدنظر رکھ کر بنائی گئی ہے۔ تاہم ایسا کرنے کے لیے انہیں اعتماد اور پرائیویسی سے متعلق ان سوالوں کا جواب دینا ہو گا کہ وہ مالیاتی اعداد وشمار کیسے محفوظ رکھیں گے۔ کچھ تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ بھاری بھرکم لبرا نامی کنسورشیم اس معاملہ میں مفید رہے گا۔
گذشتہ ہفتے آر بی سی کے تجزیہ کار مارک ماہانے کہہ چکے ہیں کہ فیس بک کی جانب سے کرپٹو کرنسی کا منصوبہ آن لائن خریداری، ایپلیکیشنز اور گیمنگ کے لیے سہولتیں فراہم کرے گا۔
اپنے تحقیقی جائزے میں ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ فیس بک کی تاریخ کا وہ اہم ترین مرحلہ ہے جو سوشل نیٹ ورک کو آمدن اور صارفین کو متوجہ کرنے کا نیا موقع فراہم کرے گا۔
 

شیئر: