سعودی شہری سیروسیاحت، علاج معالجے اور کاروبارکے لیے انڈیا کا ویزآن لائن حاصل کرسکتے ہیں۔(اے ایف پی)
ریاض میں انڈین سفارت خانے نے سعودی شہریوں کے لیے ویزہ کے اجرا میں سہولیات کا اعلان کردیا ہے۔
انڈین سفارتخانے نے اپنے ٹویٹر اکاﺅنٹ پربتایا ہے کہ سعودی شہری سیروسیاحت، علاج معالجے، کاروبار اور کانفرنسوں میں شرکت کے لیے انڈیا کا ویزآن لائن حاصل کرسکتے ہیں۔
ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ اب انہیں ویزے کی کارروائی کے لیے انڈین ایمبیسی یا قونصلیٹ کے چکر لگانے نہیں پڑیں گے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق انڈیا کی ریاست کیرالہ کے وزیر سیاحت نے سعودیوں کے لیے آن لائن ویزے کی سہولت پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا اور سعودی عرب نے باہمی اتفاق سے یہ فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک اچھا اقدام ہے۔
وزیر سیاحت کا کہنا تھا کہ اس سال سعودی ولی عہد شہزادہ بن سلمان کے دورہ انڈیا کے دوران وزیراعظم نریندر مودی اورمحمد بن سلمان کے درمیان ملاقات میں اس حوالے سے فیصلہ کیا گیا تھا۔ ’اس سے انڈیا میں عموماً اور کیرالہ میں خصوصاً سیاحت کو بہت فروغ ملے گا۔‘
کیرالہ کے وزیر سیاحت نے مزید کہا کہ ڈھائی برس سے ہمارا مطالبہ تھا کہ ویزوں کا پرانا نظام ختم کیا جائے اور سعودی سیاحوں کو آن لائن ویزے کی سہولت دی جائے۔ ’پرانے نظام میں دشواریاں تھیں اورسعودی سیاحوں سے فنگر پرنٹس اور آنکھوں کا عکس طلب کیا جاتا تھا۔‘