Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

' سعودی وائس ایڈمرل 36 برس پہلے پاکستان نیول اکیڈمی پاس آؤٹ اور آج مہمان خصوصی'

سعودی عرب خطے کے مسائل کے حل کے لیے  پاکستان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے'۔'
سعودی عرب کے وائس ایڈمرل  نے پاکستان نیول اکیڈمی منوڑہ میں 111ویں مڈشپ مین کورس کی کمشننگ پریڈ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کو خطے میں ایک مضبوط ریاست کے طور پر دیکھتا ہے اور پاکستانی حکومت کی جانب سے خطے کے مسائل کو مذاکرات اور بات چیت سے حل کرنے کی سوچ کا حامی ہے۔
سعودی عرب کی بحری افواج کے کمانڈر وائس ایڈمرل فہد عبداللہ نے پاکستان کے دورے کے دوران خطے کے مسائل کے حل کے لیے دونوں ممالک کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ سعودی عرب اس حوالے سے پاکستان کی جانب سے دی گئی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عوام اپنے پاکستانی بھائیوں کی ترقی اور استحکام کے لیے پُر امید ہیں اور دعاگو ہیں کہ آنے والا دور پاکستان کے لیے بے پناہ ترقی و خوشحالی لائے گا۔
سعودی وائس ایڈمرل نے کہا کہ حالیہ دور میں مشرق وسطیٰ کے پیچیدہ حالات کے باوجود مملکت متحد ہے اور کسی بیرونی طاقت کو ان حالات سے فائدہ اٹھانے نہیں دیا جائے گا۔

سعودی نیول چیف نے اعلی کارکردگی دکھانے والے کیڈٹ کو اعزازی شمشیر دی۔ فوٹو: پاکستان نیوی

سعودی وائس ایڈمرل نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی جس میں  77 مڈ شپمین اور 98 شارٹ سروس کمیشن کیڈٹس پاس آؤٹ ہوئے۔
پاس آؤٹ ہونے والوں میں سعودی عرب کے تین، بحرین کے دو اور قطر کے سات مڈشپ مین بھی شامل ہیں۔

 (سعودی عرب کے علاوہ دیگر خلیجی ممالک کے کیڈٹس بھی ٹریننگ کے لیے آتے ہیں۔ (فوٹو پاکستان نیوی 

خیال رہے کہ پاکستان نیول اکیڈمی میں سعودی عرب کے علاوہ دیگر خلیجی ممالک کے کیڈٹس بھی ٹریننگ کے لیے آتے ہیں۔ اس کے علاوہ بیشتر ایشیائی اور افریقی ممالک بھی اپنے کیڈٹس کو تربیت کے لیے پاکستان بھیجتے ہیں۔ اب تک پاکستان نیول اکیڈمی سے ڈھائی ہزار سے زائد غیر ملکی کیڈٹس فارغ التحصیل ہو چکے ہیں۔
سعودی وائس ایڈمرل فہد عبداللہ خود بھی پاکستان نیول اکیڈمی سے فارغ التحصیل ہیں۔ پاکستان نیوی کے شعبہ اطلاعات کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق وائس ایڈمرل فہد عبداللہ سنہ 1983 میں پاکستان نیول اکیڈمی سے پاس آؤٹ ہوئے تھے۔  
یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ خلیجی ریاست بحرین اور افریقی ملک گھانا کی بحری افواج کے موجودہ سربراہ بھی پاکستان نیول اکیڈمی سے فارغ التحصیل ہیں۔

شیئر: