اسرائیلی فوج نے فلسطینی اتھارٹی نے القدس امور کے وزیر فادی الھدمی کو گرفتار کر لیا۔فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجی القدس کے الصوانہ محلے میں واقع الھدمی کے گھر میں گھس گئے تھے انہوں نے گھر کے ایک ایک حصے کی تلاشی لی ۔ موبائل ٹیلیفون اپنے قبضے میں کر لئے اور آخر میں خود الھدمی کو بھی گرفتار کر لیا ۔
عاجل ویب کے مطابق حکومت اسرائیل نے ابھی تک اس واقعہ پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ۔ گزشتہ مہینوں کے دوران اسرائیلی فوجی مشرقی القدس میں موجود فلسطینی اتھارٹی کے اعلیٰ عہدیداروں سے پوچھ گچھ کرتے رہے ہیں ۔کئی کو گرفتار بھی کر چکے ہیں ۔
فلسطینی وزیراعظم محمد اشتیہ نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ قابض اسرائیلی حکام بیت المقدس اور اس کے باشندوں کی خاطر کام کرنیوالے ہر فلسطینی کو گرفتار کرنے کا وتیرہ بنائے ہوئے ہیں ۔اس سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے ۔ ہماری حکومت بیت المقدس سے متعلق اپنے عہد و پیمان پورے کرتی رہے گی ۔القدس میں ترقیاتی سرگرمیاں جاری رکھے گی ۔القدس کے باشندوں کے مسائل حل کرنے کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
فلسطینی وزیراعظم نے القدس امور کے فلسطینی وزیر کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جس روز سے الھدمی نے اپنی وزارت کا قلمدان سنبھالا ہے اسی دن سے وہ نہایت اخلاص اور عزم و حوصلے کے ساتھ القدس شہر اور اسکے باشندوں کی خدمت کر رہے ہیں ۔
فلسطینی وزیراعظم نے عالمی برادری اور یورپی یونین میں شامل ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل پر دبائو ڈال کر فلسطینی وزیر کورہا کرائے ۔ بیت المقدس میں اسرائیل کی پالیسیوں اور عرب شہر کو یہودی تشخص دینے کی اس کی کوششوں کی مذمت کریں ۔یہ سرگرمیاں طے شدہ معاہدہ اور بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزیاں ہیں۔