ہالی اور بالی وڈ کے بعد لالی وڈ بھی بوتل کیپ چیلنج میں کود گیا مہوش حیات نے بھرپور ایکشن کر کے سب کو بتا دیا کہ ’ہم کسی سے کم نہیں‘
سوشل میڈیا پر ’ کی کی چیلنج‘ کے بعد ’بوتل کیپ چیلنج‘ جنگل کی آگ کی طرح انٹرنیٹ پر پھیل گیا ہے اور دنیا کی معروف شخصیات سمیت سینکڑوں لوگ کک مار کر بوتل کے ڈھکن کھولنے کی ویڈیوز شیئر کر رہے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے حال ہی میں تمغہ امتیاز حاصل کرنے والی اداکارہ مہوش حیات بھی اس دورڑ میں شامل ہو گئی ہیں ۔ انہوں نے اپنے مظاہرے کی ویڈیو شیئر کی ہے۔ جس کی بہت پذیرائی مل رہی ہے اس وقت ٹوئٹر پر #BottleCapChallengeنامی ٹرینڈ چل رہا ہے۔
آغاز کیسے ہوا؟
دو روز قبل مارشل آرٹس کے حوالے سے خصوصی پہچان رکھنے والے امریکی اداکار جیسن سٹیتھم نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو ڈالی جس میں سلو موشن ایکشن گھومتے ہوئے کک لگا کر بوتل کا ڈھکن کھول رہے ہیں۔ یہ دیڈیو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی۔ صرف تئیس سیکنڈ کی یہ ویڈیو چند گھنٹوں میں ہی 14.5ملین لوگوں نے دیکھی۔
انسٹاگرام پر اس حوالے سے چھبیس ہزار سے زائد پوسٹس ہوئیں۔
چیلنج قبول کرنے والی معروف شخصیات
بالی ووڈ اداکار بھی کسی سے پیچھے نہیں رہے اور اپنے مخصوص سٹائل اور ایکشن کے لیے مشہور اکشے کمار نے نہ صرف اس چیلنج کو قبول کیا بلکہ پورا بھی کیا۔ ان کی ویڈیو کو بھی بہت پسند کیا جا رہا ہے۔ انتیس سیکنڈ کی یہ ویڈیو بھی سلوموشن میں ہے جس میں وہ بڑے اعتماد کے ساتھ گھومتے ہیں اور انتہائی نپے تلے انداز میں تھوڑا سا پائوں ٹچ کرتے ہیں تو ڈھکن گھومتا ہوا ایک طرف جا گرتا ہے۔
بالی وڈ کے ہی اداکار ٹائیگر شروف نے ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے یہ چیلنج کچھ مختلف انداز میں قبول کیا اور آنکھوں پر پٹی باندھ کر کک کے ذریعے بوتل کا ڈھکن کھولا۔
چائنیز فلم سٹار، ہدایت کار، فائٹ انسٹرکٹر ڈونی ین جن کو شائقین ’اپ مین‘ کے نام سے بھی جانتے ہیں انہوں نے جب اس چیلنج کو قبول کیا تو اسی وقت شائقین کو انتظار تھا کہ وہ کچھ مختلف کریں گے اور ہوا بھی یوں۔ وہ جب بوتل سامنے رکھ کر نمودار ہوئے تو ان کے گلے میں کپڑا لپٹا ہوا تھا جو انہوں نے اپنی آنکھوں پر باندھا اور بغیر کسی زیادہ دقت کے بڑے آرام سے ایکشن میں آتے ہوئے گھومتی لات کی مدد سے بوتل کا ڈھکن کھول دیا۔
چیلنج ونرز کی تعداد
چونکہ یہ چیلنج پورے سوشل میڈیا پر چل رہا ہے جس میں انسٹاگرام، ٹوئٹر، فیس بک، وٹس سمیت دوسرے میڈیمز شامل ہیں اس لیے مجموعی اور درست تعداد اندازے سے تو تعداد بتائی جا سکتی ہے
لیکن یہ ضرور ہے کہ اگر اسے دیکھنے والوں کی تعداد ملینز میں ہے تو چیلنج قبول کرنے والوں ہزاروں میں تو ہے۔
چیلنج میں جدت
دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ جب یہ چیلنج شروع ہوا تو یہ صرف ڈھکن کھولنے تک محدود تھا لیکن وقت کے ساتھ ساتھ میں جدت بھی آتی جا رہی ہے۔ کچھ چیلنجرز نے اس کے لیے مختلف طریقے اپنائے ہیں۔ جیسا کہ ایک ویڈیو میں چیلنجر سرفنگ کرتے ہوئے آتا ہے پھر تختے کو ہوا میں اچھال کر گھومتے ہوئے کشتی میں کھڑی بوتل کو سرفنگ کے تختے سے مس کرتا ہے اور اس کا ڈھکن اچھل کر دور جا گرتا ہے۔
اسی طرح ایک چیلنجر گود میں بلی اٹھائے بوتل کے سامنے آتے ہیں۔
اور کک لگانے کا ایکشن تو لیتے ہیں لیکن یک دم قریب آ کر بلی کا پنجہ بوتل کے ڈھکن پر مارتے ہوئے اسے کھول دیتے ہیں۔
کوربن جیکسن نامی ٹوئٹر ہینڈل سے ایسی ویڈیو ڈالی گئی ہے جس میں ایک شخص کسی پارک میں بیٹھا ہے بوتل اس کے ہاتھ میں ہے جبکہ پیچھے فٹ بال کھیلتا بچہ کک لگاتا ہے تو فٹ بال اڑتا ہوا آتے ہوئے بوتل کا ڈھکن کھول دیتا ہے۔
ایک چیلنجر سکیٹنگ بورڈ پر اچھلتے ہوئے چیلنج پورا کرتا ہے۔
دلچسپ اور مزاحیہ مواد
کچھ لوگ تو اس کو چیلنج کے طور پر اس کو لے رہے ہیں لیکن ایسے لوگوں کی بھی کمی نہیں جن کے ہاتھ ایک دلچسپ مشغلہ آ گیا ہے اور انہوں نے ایسی ویڈیوز ڈالی ہیں جن پر بے ساختہ ہنسی آ جاتی ہے۔
یعنی جب ویڈیو شروع ہوتی ہے تو سامنے بوتل نظر آ رہی ہوتی ہے اور پیچھے کھڑا بندہ یا بندی نظر آتے ہیں اور دیکھنے والے یہی سمجھتے ہیں کہ ابھی کک لگائی جائے گی اور یوں ہوتے ہوتے کوئی سیکنڈ گزر جاتے ہیں جس کے بعد ہنسی کی آواز آتی ہے۔
ایسی ویڈیوز بھی موجود ہیں جس میں کک مارنے والا نیچے گر جاتا ہے اور بوتل کھڑی رہتی ہے۔
جب کہ ایسی ویڈیوز بھی بڑی تعداد میں جس میں کک ناکام ہوتی ہے اور بوتل نیچے جا گرتی ہے۔
اس چیلنج میں سوشل میڈیا صارفین دلچسپی ہی نہیں لے رہے بلکہ دلچسپ قسم کے تبصرے بھی کر رہے ہیں جس میں سیاست سمیت دیگر معاملات پر چٹکلے موجود ہوتے ہیں۔