اقوام متحدہ نے لیبیا کے شہر طرابلس میں فریقین سے فوری فائر بندی کا مطالبہ کیا ہے جہاں تقریباً تین ماہ سے جاری خانہ جنگی کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ گئی ہے جس میں تارکین وطن بھی شامل ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل نے طرابلس کے مشرق میں واقع تارکین وطن کے حراستی مرکز پر فضائی کارروائی کی مذمت کی ہے جس میں متعدد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
خیال رہے کہ لیبیا میں باغی فوج کے کمانڈر خلیفہ حفتر کا کنٹرول ملک کے مشرقی علاقوں پر ہے اور انھوں نے دارالحکومت طرابلس میں اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ حکومت سے کنٹرول حاصل کرنے کے لیے اپریل کے شروع میں کارروائیوں کا آغاز کیا تھا۔
اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اپریل سے شروع ہونے والی زمینی لڑائی اور فضائی حملوں کے نتیجے میں ایک ہزار کے قریب افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد پانچ ہزار سے زیادہ ہے۔