آن لائن رجسٹریشن ، داخلی عازمین کیلئے فیس ڈیڈ لائن کیا ہے؟
وزارت حج و عمرہ نے امسال حج کے خواہش مند مقیم غیر ملکیوں اور مقامی شہریوں کو ہدایت کی ہے جنہو ں نے آن لائن رجسٹریشن کرالی ہے وہ آئندہ 48 گھنٹوں میں فیس جمع کرادیں بصورت دیگر انکی رجسٹریشن منسوخ ہو جائے گی ۔ عربی روزنامے عکاظ کے مطابق داخلی عازمین حج کے لئے وزارت حج کی جانب سے 190 کمپنیوں کو مخصوص کیا گیا ہے جن کے پیکیجز وزارت حج سے منظور شدہ ہیں ۔
داخلی عازمین حج کے امور کی نگران کونسل کے رکن محمد سعد القرشی کا کہنا ہے کہ وہ عازمین حج جو امسال فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے آن لائن رجسٹرکراچکے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ اپنے پیکیج کے مطابق ادائیگی کر دیں تاکہ رجسٹریشن کی منسوخی سے بچ سکیں ۔ امسال وزرات حج کی جانب سے داخلی عازمین حج کے لئے 2لاکھ 30 ہزار کا کوٹہ رکھا گیا ہے جو 190کمپنیوں کے ذریعے فریضہ حج ادا کریں گے اس ضمن میں وزارت نے اپنی ویب سائٹ پر بھی تمام منظور کمپنیوں کی فہرست بھی جاری کی ہے ۔
رکن کونسل نے مزید بتایا کہ عازمین حج کے ہمراہ جانے والے چھوٹے بچوں کےلئے بکنگ علیحدہ ہو گی جن کا پیکیج 2500 ریال فی بچہ مقرر کیا گیا ہے ۔ پیکیج شیر خوار بچوں کےلئے ہیں جنہیں نرسری کی ضرورت پڑتی ہے جبکہ مخصوص بچوں کےلئے پیکیج 3 ہزار ریال مقرر کیا گیا ہے جس کی رجسٹریشن کا آغاز جلد کیا جائے گا ۔
واضح رہے مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کےلئے بھی مقامی کمپنیوں کی خدمات حاصل کرنا لازمی ہیں جو حج خدمات مہیا کرتی ہیں اس ضمن میں وزارت حج کی جانب سے ایسی کمپنیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جاتی ہے جو مقررہ قواعد کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوتے ہیں ۔ داخلی عازمین حج کو مقررہ سہولتیں فراہم نہ کرنے پر کمپنیوں کو بلیک لسٹ کر دیا جاتا ہے ۔
امسال وزارت حج وعمرہ نے مملکت کی سطح پر 190 کمپنیوں کو داخلی عازمین کو حج خدمات فراہم کرنے کی اجازت دی ہے ۔ وزارت کی منظوری سے کمپنیوں نے 6 پیکیجز جاری کئے ہیں ۔ سب سے کم فیس 3447ریال جبکہ سب سے قیمتی پیکیج 11ہزار 905 ریال مقرر کیا گیا ہے ۔