Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان اور ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات 22 جولائی کو ہو گی، وائٹ ہاؤس کی تصدیق

عمران خان کی ٹرمپ سے ملاقات کو دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی زندگی دینے کی کوشش قرار دیا جا ریا ہے۔ تصویر: اے ایف پی
ترجمان وائٹ ہاؤس کی جانب سے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے رواں ماہ دورہ امریکہ کی باضابطہ تصدیق کی گئی ہے۔
وائٹ ہاؤس کے ترجمان کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ وزیراعظم عمران خان کا 22 جولائی کو واشنگٹن میں استقبال کریں گے۔ 
بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیراعظم عمران خان پاک امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانے، دو طرفہ تعاون بڑھانے اور انسداد دہشت گردی سمیت مختلف امور پر بات چیت کریں گے۔ دونوں رہنما دفاع، توانائی، تجارت اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مل کر کام کرنے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
وائٹ ہاؤس کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان بات چیت کا مقصد جنوبی ایشیاء میں امن و استحکام اور پاک امریکہ دیرپا شراکت داری کا ماحول پیدا کرنا ہے۔
دوسری جانب کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ان کی کوشش ہو گی کہ وہ دورہ امریکہ کے دوران پاکستانی سفارتخانے میں قیام کریں۔ 

وائٹ ہاؤس کے ترجمان مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ وزیراعظم عمران خان کا 22 جولائی کو واشنگٹن میں استقبال کریں گے۔ فوٹو اے ایف پی 

دریں اثنا ترجمان دفترخارجہ  نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دعوت پر امریکہ کا 3روزہ دورہ کریں گے۔ ترجمان نے کہا کہ دونوں ملکوں میں نئی حکومتوں کے قیام کے بعد یہ پہلا اعلیٰ سطح کا دورہ ہے۔’وزیراعظم عمران خان 21سے 23جولائی کو امریکہ کا دورہ کریں گے۔‘
ان کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور صدر ٹرمپ کے درمیان 22جولائی کو وائٹ ہاؤس میں ملاقات ہو گی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر بات چیت ہو گی۔ دورہ امریکہ کے دوران وزیراعظم اراکین کانگریس ،کارپوریٹ سربراہان اور پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم مختلف تقریبات میں نئے پاکستان کے وژن سے متعلق آگاہ کریں گے۔ 
ترجمان کے مطابق وزیراعظم امریکہ کے ساتھ کثیرالجہتی تعلقات کی اہمیت کے بارے میں بھی بتائیں گے۔ ’وزیراعظم  افغانستان میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے عزم سے آگاہ کریں گے اور پاکستان کی پر امن ہمسائیگی کی پالیسی پر روشنی ڈالیں گے۔‘
ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا دورہ ہاکستان اور امریکہ کے درمیاں طویل باہمی  تعلقات کو نئے سرے سے استوار کرنے میں مدد دے گا ۔

شیئر: