پاکستانی اداکار شان شاہد ان دنوں شاہ رخ خان کے مداحوں کے نشانے پر ہیں کیونکہ انھوں نے شاہ رخ خان کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
ڈزنی کی اینیمیشن فلم 'دی لائن کنگ' کا ہندی ورژن جمعے کو ریلز ہو رہا ہے جس کی خاص بات یہ ہے کہ راجہ شیر موفاسا کی آواز بالی وڈ 'کنگ' شاہ رخ خان کی آواز میں ڈب ہوئی تو موفاسا کے بیٹے سمبا کی آواز شاہ رخ کے بیٹے آرین خان نے ڈب کی ہے۔
شاہ رخ خان نے سمبا یعنی اپنے بیٹے آرین کی آواز والی ایک کلپ ٹویٹ کی جس پر شان نے دل کی بھڑاس نکالی ہے۔
Pls don’t destroy an iconic film with Hindi dub .. no difference in shahrukhs voice it is like any other V/O he does for his films . At least change your voice expression for a lions dub.
— Shaan Shahid (@mshaanshahid) July 11, 2019
شان شاہد نے لکھا: 'پلیز ہندی میں ڈب کر کے ایک تاریخی فلم کو برباد نہ کریں۔ شاہ رخ کی آواز میں کوئی تبدیلی نہیں ہے اور وہ ایسی ہی ہے جیسی وائس اوور وہ اپنی فلموں کے لیے دیتے ہیں۔ کم از کم ایک شیر کی آواز کے لیے تو اپنی آواز میں تبدیلی لائيں۔'
شاہ رخ خان کے پرستار اپنے ہیرو پر ذرا سی تنقید بھی برداشت نہیں کرتے ہیں۔ شاہ رخ کے مداحوں نے شان کومشورہ دیا کہ اس فلم کا ہندی ورژن نہ دیکھیں۔ کئی لوگوں نے کہا کہ 'آپ ہیں کون، آپ کے بارے میں تو گوگل بھی نہیں بتاتا۔'
لیکن شان بھی لوگوں کو جواب دیتے ہوئے نظر آئے۔
ایک پاکستانی صارف نے لکھا کہ 'شاہ رخ پر آپ کے بیان کو شدید ملامت کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ لیکن یقین کریں ہماری انڈسٹری میں انڈیا سے زیادہ ٹیلنٹ ہے۔ میں شرطیہ کہہ سکتاہوں کہ وہ 'قوی خان' کی اداکاری کے مقابلے میں کچھ پیش کریں، وہ کر ہی نہیں سکتے۔'
I agree that is the reason he is dubbing not acting in any of the main stream Hollywood films. The population factor is where India gets all the investments from the west ..
— Shaan Shahid (@mshaanshahid) July 13, 2019