Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آبنائے ہرمز میں محفوظ جہاز رانی یقینی بنائی جائے،عمان

برطانیہ نے آبنائے ہرمز میں آئل ٹینکر پر ایرانی قبضے کا معاملہ سلامتی کونسل میں اٹھایا ہے
سلطنت عمان نے آبنائے ہرمز میں محفوظ جہاز رانی کی آزادی کو یقینی بنائے رکھنے کا مطالبہ کردیا۔سلطنت عمان کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز میں محفوظ جہاز رانی کے حق کو یقینی بنایا جائے ۔ایران اور برطانیہ اپنے اختلافات حل کریں ۔ 
عاجل ویب کے مطابق عمانی دفتر خارجہ کے عہدیدار نے اپنے بیان میں کہا کہ سلطنت عمان آبنائے ہرمز میں جہاز رانی سے گہری دلچسپی لے رہی ہے ۔ تمام ممالک ضبط و تحمل سے کام لیں ۔ جہاز رانی کے ضوابط کا احترام کریں ۔ بین الاقوامی سمندری قانون کا پاس کریں‘۔
عمانی ریڈیو ٹی وی جنرل کارپوریشن کے ماتحت نیوز سینٹر نے بتایا کہ عمانی عہدیدار نے زور دیکر کہا کہ آبنائے ہرمز کو جہاز رانی پر اثر انداز خطرات سے دوچار نہ کیا جائے۔
عمانی عہدیدار نے توجہ دلائی کہ سلطنت عمان تمام فریقوں سے رابطے میں ہے ۔آبنائے ہرمز سے تجارتی جہازوں کے محفوظ سفر اور علاقائی سمندر میں اپنے اختیارات کے بجا استعمال کو یقینی بنانے کےلئے کوشاں ہے ۔
عمانی عہدیدار نے امید ظاہر کی کہ ایران برطانوی آئل ٹینکر پر قبضہ ختم کر دے گا۔ واضح رہے کہ ایران نے جمعہ کو آبنائے ہرمز میں برطانوی جہاز پر قبضہ کیا ہے ۔
دریں اثناءبرطانیہ نے آبنائے ہرمز میں آئل ٹینکر پر ایرانی قبضے کا معاملہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اٹھایا ہے ۔برطانیہ کا کہنا ہے کہ ایران نے برطانوی آئل ٹینکر پر عمانی سمندر میں قبضہ کیا۔یہ غیر قانونی مداخلت ہے ۔
اقوام متحدہ میں متعین برطانوی مشن نے سلامتی کونسل کے نام خط میں لکھا ہے کہ”برطانوی جہاز آبنائے ہرمز سے بین الاقوامی قانون کے عین مطابق سفر کر رہا تھا۔ بین الاقوامی قانون نے پابندی لگا رکھی ہے کہ کوئی بھی طاقت آبنائے ہرمز سے جہازوں کو گزرنے میں رکاوٹ نہ ڈالے لہٰذا ایران نے جو اقدام کیا ہے وہ غیر قانونی ہے ۔“ برطانیہ نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کوبھی خط بھیجا ہے ۔
ایرانی امور کے ماہر ڈاکٹر نبیل العتوم نے ”اسکائی نیوز عربی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی آبنائے ہرمز میں جارحانہ اقدامات اور خلاف ورزیوں کا کوئی جواز پیش نہیں کر سکتے ۔ایران نے جو کچھ کیا نا معقول ہے ۔ وہ 1979ءسے دہشتگردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہے ۔ ایرانی تباہ کن حکمت عملی اپنائے ہوئے ہیں ۔
 1980ءمیں عراق ایران جنگ کے بعد سے ایران آبنائے ہرمز کا کارڈ کھیلتا رہا ہے ۔2011ءمیں امریکہ کے ساتھ کشیدگی بڑھنے پر بھی اس نے دھمکی دی تھی ۔ 
 

شیئر: