فرضی حج کمپنیوں کے جھانسے میں نہ آئیں ،سعودی حکومت
اتوار 21 جولائی 2019 23:24
ایسا لگتا ہے کہ سادہ لوح شہریوں کو ہر جگہ بیوقوف بنایا جاتا ہے ۔دینی کام ہو یا دنیاوی کوئی سرگرمی ہو جہاں جس کو جیسا موقع مل جاتا ہے وہ اس سے ناجائز فائدہ اٹھاکر لوگوں کو چکما دیکر اپنا الو سیدھا کر لیتا ہے ۔
جس طرح پاکستان میں فرضی کمپنیاں حج کا ارادہ رکھنے والوں کو جھانسہ دیکر ان سے پیسے بٹورتی رہتی ہیں اور عام شہری سرکاری اور عوامی میڈیا کی جانب سے چلائی جانیوالی آگہی مہم کے باوجود جعلسازوں کے جال میں پھنس جاتے ہیں ۔ لگ بھگ ویسا ہی سلسلہ ہر سال حج کے موقع پر سعودی عرب میں بھی دیکھنے کو ملتا ہے ۔
عاجل ویب کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے مقامی شہریوں اورمقیم غیر ملکیوں کو خبر دار کیا ہے کہ کئی فرضی کمپنیاں مارکیٹ میں سرگرم ہیں ۔کوئی بھی ان کے جھانسے میں نہ آئے جسے امسال حج کرنا ہو وہ اندرون ملک سے حج کرنیوالوں کےلئے قائم ویب سائٹ پر درج حج کمپنیوں ہی سے رجوع کرے ۔ ایسی کوئی بھی کمپنی جس کا نام سرکاری ویب سائٹ میں شامل نہ ہو اس سے حج پیکیج نہ لیا جائے ۔
عکاظ اخبار کے مطابق نائب وزیر حج و عمرہ عبدالفتاح مشاط نے توجہ دلائی کہ وزارت کی نگراں ٹیموں نے تفتیشی کارروائی کے دوران یہ بات نوٹ کی ہے کہ بعض فرضی کمپنیاں سوشل میڈیا پر سرگرم ہیں وہ سستے حج پیکیج کا لالچ دیکر سعودی اور مقیم غیر ملکیوں کو پھنسانے کا چکر چلا رہی ہیں ۔
عبدالفتاح مشاط نے واضح کیا کہ حکومت فراڈ کرنیوالی کمپنیوں پر نظر رکھے ہوئے ہے ۔ جب تک مقامی شہری اور مقیم غیر ملکی تعاون نہیں کریں گے اس وقت تک بات نہیں بنے گی ۔ کوئی بھی عازم حج سوشل میڈیا پر غیر قانونی کمپنی کا کوئی اشتہار دیکھے پہلی فرصت میں وزارت کو اس سے مطلع کردے ۔فراڈ کرنیوالی کمپنی کے خلاف کارروائی ہو گی ۔