اس کھیل میں انڈین خواتین بھی حصہ لیتی ہیں اور نمایاں پوزیشنز حاصل کیے (فوٹو:اے ایف پی)
انڈیا نے دھمکی دی ہے کہ شوٹنگ کا کھیل دولت مشترکہ کے کھیلوں میں شامل نہ کرنے کی صورت میں 2022 کے ایونٹ کا بائیکاٹ کرے گا۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق کامن ویلتھ کھیلوں کی فیڈریشن نے کہا ہے کہ اس سلسلے میں انڈیا سے بات چیت کرے گا۔
گذشتہ برس آسٹریلیا میں دولت مشترکہ کے کھیلوں میں شوٹنگ میں انڈیا سرفہرست رہا تھا اور سولہ تمغے جیتے تھے، اچھی کارکردگی دکھانے والے ملکوں میں انڈیا تیسرے نمبر پر آیا تھا۔
انڈیا کی اولمپک ایسوسی ایشن نے حکومت کو لکھا کہ اگر دولت مشترکہ کے کھیلوں سے شوٹنگ کا کھیل ہٹایا جاتا ہے تو شوٹنگ کے میدان میں انڈیا کے کمائے ہوئے نام کو نقصان پہنچے گا۔
اولمپک ایسوسی ایشن کے خط میں کھیلوں کے وزیر کرن رجیجو کو لکھا گیا ہے کہ ’برطانیہ میں 2022 میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں حصہ نہ لینے پر ہم اپنا احتجاج ریکارڈ کرانا چاپتے ہیں۔‘
انڈین اولمپک ایسوسی ایشن نے مزید کہا ہے کہ وہ کھیلوں کے وزیر سے بات چیت کرنا چاہیں گے۔
اس خط میں انڈین اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ستمبر کے شروع میں رواندا میں کامن ویلتھ گیمز کانگرس میں بھی شرکت نہیں کریں گے۔
انڈین اولمپک ایسوسی ایشن نے اس سلسلے میں وہاں ہونے والے الیکشن میں حصہ لینے کے لیے اپنے دو امیدواروں کو بھی جانے سے روکا ہے۔