الحرمین ایکسپریس ٹرین اورمراکش کی برق رفتار ٹرین دنیا کی تیز ترین ٹرینوں کی فہرست میں شامل ہو گئی ہیں۔
امریکی میگزین فوربز نے دنیا کی 15 تیز رفتار ٹرینوں کی فہرست جاری کی ہے، جس میں پہلی بارعرب دنیا کی دو ٹرینیں بھی شامل کی گئی ہیں۔
الحرمین ایکسپریس ٹرین مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو ملاتی ہے۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے 25 ستمبر 2018 کو الحرمین ایکسپریس ٹرین کا افتتاح کیا تھا اور اس کی پہلی کمرشل سروس 11 اکتوبر کو شروع کی گئی تھی۔
الحرمین ایکسپریس ٹرین کا روٹ 450 کلومیٹر طویل ہے اور اس کے پانچ اسٹیشنز ہیں۔ ان میں سے دو مکہ اور مدینہ میں ہیں، تیسرا کنگ عبداللہ اکنامک سٹی رابغ، چوتھا کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ جدہ اور پانچواں جدہ شہر کے السلیمانیہ محلے میں ہائی وے سے متصل بنایا گیا ہے۔
الحرمین ایکسپریس ٹرین کی رفتار کم از کم 174 اور زیادہ سے زیادہ 300 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہے۔ 63 ارب ریال لاگت کا یہ ٹرین منصوبہ سعودی عرب میں ریلوے کا سب سے بڑا منصوبہ ہے، جس کی مشرق وسطیٰ میں مثال نہیں ملتی۔ الحرمین ایکسپریس ٹرین سے سالانہ 60 ملین افراد سفر کر سکتے ہیں۔
امریکی میگزین کی رپورٹ کے مطابق چین کی ٹرین دنیا کی تیز رفتار 15 ٹرینوں میں سرِفہرست ہے۔ اس کی فی گھنٹہ رفتار 317 کلومیٹر ہے جو دارالحکومت بیجنگ کو نانجینگ سے ملاتی ہے۔
دنیا بھر میں دوسری تیز رفتار ٹرین اٹلی کی ہے یہ میلان شہر کوریگیو امیلیا سے جوڑتی ہے اور اس کی فی گھنٹہ رفتار 272 کلو میٹر ہے۔
دنیا کی تیسری تیز رفتار ٹرین فرانس کی ہے، یہ شامبین ارڈن شہر کو لورین سے ملاتی ہے اور اس کی فی گھنٹہ رفتار 271 کلومیٹر ہے۔
جاپان کی ٹرین (267 کلو میٹر) چوتھے، سپین (259 کلو میٹر) پانچویں، تائیوان (256 کلومیٹر) چھٹے، جرمن (238 کلومیٹر) ساتویں، مراکش (232 کلومیٹر) آٹھویں، بیلجیئم اور فرانس کو ملانے والی انٹرنیشنل ٹرین (229 کلومیٹر) نویں، جنوبی کوریا (222 کلومیٹر) دسویں، ترکی (208 کلو میٹر) گیارہویں، روس (201 کلومیٹر) بارہویں، برطانوی ٹرین (179 کلومیٹر) تیرھویں اور آسٹریا کی ٹرین (176 کلومیٹر) چودھویں نمبر پر ہے۔ سعودی عرب کی مکہ اور مدینہ کو ملانے والی الحرمین ٹرین اس فہرست میں پندرہویں نمبر پر ہے۔ اس ٹرین کی رفتار 174 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔