لائن آف کنٹرول پر پاکستان اور انڈیا کی فوجیوں کے درمیان جھڑپ ہوئی ہے۔ پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انڈین فوج نے ڈنہ،ڈھڈنیال، جوڑا، لیپا، شردا اور شاہ کوٹ سیکٹرز میں سویلین آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی جس سے 26 سالہ شہری نعمان احمد ہلاک جبکہ خواتین اور بچوں سمیت نو افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے انڈین فوج کی پوسٹوں کو نشانہ بنا کر فائرنگ کا موثر جواب دیا جس سے تین انڈین فوجیوں کے ہلاک اور متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جوابی کارروائی میں انڈین پوسٹوں کو بھی نقصان پہنچا۔
واضح رہے کہ لائن آف کنٹرول پر پاکستان اور انڈیا کی فوجوں میں اکثر فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہتا ہے اور دونوں ممالک ایک دوسرے پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہیں۔ پاکستان اور انڈیا کے درمیان مختلف مواقعوں پر ہونے والی فائرنگ سے اب تک سینکڑوں فوجی اور عام شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔